وزیراعلیٰ پنجاب کا وزیراعظم کے خط پر فوری ایکشن: ٹرانسپورٹ کرائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت، ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کے نرخوں کوپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ہم آہنگ کیا جائے، عوام کا مفاد سب سے مقدم ہے،کسی کو ناجائز منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،معاشی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا،مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ہر قدم عوام کی بہتری کیلئے اٹھ رہا ہے :شہباز شریف

بدھ 2 اپریل 2014 04:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے صوبائی وزرائے اعلیٰ کو لکھے گئے خط پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ٹرانسپورٹ کے کرائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو ہرممکن ریلیف پہنچانے کیلئے پرعزم ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ روپے کی قدر میں استحکام اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک منتقل ہوں۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلے ہی ایک مربوط پروگرام کے تحت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور کم آمدنی والے افراد کی فلاح کے لیے متعددپروگرام شروع کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کے نرخوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے ہم آہنگ کیا جائے اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک ہر صورت پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل، ٹاؤن اور ضلع کی سطح پر قائم پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو پوری طرح فعال کیا جائے جبکہ خصوصی مجسٹریٹوں کی ٹیمیں تشکیل دے کر مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فروخت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مفاد سب سے مقدم ہے۔کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ناجائز منافع خوری کرنے پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو مناسب سطح پر لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کوہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گااور اس ضمن میں منتخب نمائندوں کے ساتھ انتظامیہ کا متحرک اور فعال کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے عوام کی بہت سی توقعات ہیں جن پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں سے زائد پراشیاء فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے جو عوام کو مہنگے داموں اشیائے ضروریہ کی فروخت میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث ملک کی معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اورہماراہر قدم عوام کی بہتری کے لیے اٹھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکانزم کے پورے عمل کے دوران اچھی کارکردگی کامظاہر ہ کرنے والوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے