قومی اسمبلی میں نجی کارروائی کے دن اراکین کی مکمل عدم دلچسپی، قائد حزب اختلاف‘ پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان بھی ایوان سے غائب،کورم پورا نہیں اور کارروائی چلائی جارہی ہے ،شیخ رشید بھی احتجاجاً واک آؤٹ کرگئے، انہیں کوئی منانے بھی نہ گیا

بدھ 2 اپریل 2014 04:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء)قومی اسمبلی میں منگل کو نجی کارروائی کے دن اراکین کی طرف سے عدم دلچسپی دیکھی گئی حتی کہ قائد حزب اختلاف‘ پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان بھی ایوان سے غائب رہے اور حکومتی و اپوزیشن کی اگلی نشستیں خالی رہیں جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ 342 کے ایوان میں صرف چند ارکان موجود ہیں‘ کورم پورا نہیں اور ایوان کی کارروائی چلائی جارہی ہے اور ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کرگئے اور انہیں کوئی منانے بھی نہ گیا۔

منگل کو ایوان کی کارروائی کو نجی کارروائی کے طور پر چلایا گیا لیکن صد افسوس کہ پرائیویٹ ممبرز ڈے کے موقع پر بھی اراکین کی کارروائی میں عدم دلچسپی نمایاں تھی اور 342 کے ایوان میں بمشکل 50 سے بھی کم ارکان موجود تھے جبکہ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان تک ایوان سے غائب تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت و زراء کی فوج ظفر موج کے بھی اکا دکا اراکین ہی موجود تھے اور ایوان سائیں سائیں کررہا تھا۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے نکتہ اعتراض پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ایوان میں بغیر کورم کے کارروائی چلائی جارہی ہے۔ حکومت کی عدم دلچسپی پر افسوس ہے اسلئے ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کرتا ہوں البتہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کو منانے کیلئے کوئی وزیر یا وزیر مملکت نہ گیا۔