چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر کی دریافت،چینی کمپنی اور پنجاب حکومت میں تاریخ ساز معاہدہ،چنیوٹ میں اربوں ڈالرلوہے کا خزانہ موجود ہے،دنیا کی سب سے بڑی سٹیل مل لگائیں گے،شہباز شریف،سعودی عرب نے ڈیڑ ھ ارب ڈالرتحفے میں دےئے اورکسی قسم کامطالبہ نہیں کیا،چینی کمپنی نے چنیوٹ میں 10ماہ میں کام مکمل کرنے کی یقینی دہانی کرائی ہے،چین پاکستان کو معاشی طورپر مستحکم دیکھنا چاہتا ہے،چین نے تاریخ کا سب سے بڑا اکنامک پیکیج پاکستان کو دیا ہے ،چین اور پاکستان سدا بہار دوست ہیں،ماضی کی حکومت نے میرٹ اورشفافیت کی دھجیاں اڑائیں،وزیراعلیٰ کا چنیوٹ میں معاہدے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب

جمعرات 3 اپریل 2014 06:03

چنیوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء )پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی میٹالرجیکل کارپو ریشن آف چائنہ کے مابین چنیوٹ-رجوعہ میں لوہے کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے آج چنیوٹ میں تاریخ ساز معاہدے پر دستخط ہوئے- معاہدے کی رو سے چین کی کمپنی 10ماہ میں زمین کی تہہ میں موجود لوہے کے معیار اور مقدارکا حتمی تعین کرے گی-اس معاہدے سے پنجاب میں ملکی لوہے سے چلنے والی پاکستان کی پہلی سٹیل مل کے قیام کی راہ ہموار ہوگی-

وزیراعلی محمد شہبازشریف، صوبائی وزیرمعدنیات چودھری شیر علی، پنجاب منرل کارپویشن کے چیئرمین ثمر مبارک مند،سیکرٹری منرل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود اور چین کی کمپنی کے حکام اس موقع پر موجود تھے-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے معاہدے پر دستخطوں کے موقع پر میونسپل ہاکی سٹیڈیم چنیوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کس قدر بد قسمتی ہے کہ ایک طرف ہمارا ملک زیر زمین لاکھوں ٹن قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال ہو اور دوسری طرف کشکول اٹھائے مارے مارے پھرتے رہیں- ہم نے اس روش کو ترک کر دیا ہے ،اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں سے فائدہ اٹھاکر ملک کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

خود کفالت کی منزل حاصل کریں گے اور چنیوٹ کامعاہدہ اس منزل کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بڑا تاریخ ساز دن ہے کہ لوہے کے ذخائر نکالنے کے سلسلے میں عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشرف کے دور میں پنجاب حکومت نے لوہے کے ذخائر پر ڈاکہ ڈالتے ہوئے کسی قانون اور قاعدے کے بغیر اس اہم منصوبے کا ٹھکیہ کوڑیوں کے بھاؤ ایک پاکستانی کی گمنام امریکی کمپنی کو بغیر ٹینڈروں کے دے دیاجو کہ انتہائی بد قسمتی تھی لیکن ہم نے فراڈ کے اس کیس کی گرفت کی ،چوروں اور ڈاکوؤں کو بھگایا اورعدالت نے بھی ملکی مفاد میں فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو آگے بڑھانے کے لئے دن رات کام کیا اور معدنی ذخائر کے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے پہلو تہی کرنے والے منرل ڈیپارٹمنٹ کے تین سیکرٹریزکوبھی صوبہ بدرکیا- انہوں نے کہا کہ جو ا فسر عوام کی خدمت سے پہلو تہی کرتے ہیں میں ان کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتاکیونکہ جو عوام کی خدمت نہیں کرسکتے وہ ان کے دشمن ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج چینی کمپنی سے معاہدہ کرکے چنیوٹ کے عوام کے سامنے سرخرو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بعض افراد کہتے ہیں کہ پنجاب میں تیل اور گیس کے وسائل نہیں ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے چنیوٹ کی دھرتی میں بے شمار خزانے چھپائے ہوئے ہیں اور چینی کمپنی کو 18ماہ کی بجائے 10ماہ کا ٹارگٹ دیا ہے کہ وہ زمین کی تہہ سے لوہے کی اس دولت کا پتہ چلائیں۔

انہوں نے کہا کہ پیروں فقیروں کی اس دھرتی سے اگر یہ خزانے مل گئے تو پاکستان کی نسلوں کی قسمت سنور سکتی ہے -انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی سے معاہدہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی جانب اہم قدم ہے اگر لوہے کی ہائی کوالٹی کا خزانہ مل گیا تو اس علاقہ میں دنیا کی سب سے بڑی سٹیل مل لگے گی اورمقامی نوجوان انجینئر زکو نوکریاں ملیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر میٹروبس کا منصوبہ چند مہینوں میں مکمل کرسکتا ہوں تو چینی کمپنی کے تعاون سے یہ خزانے بھی چند مہینوں میں باہر لائیں گے-وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے تین چار گہرے دوست ممالک نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے جس میں ایک چین بھی ہے جس نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا - چین نے میرے ماہ فروری کے دورہ چین کے موقع پر مختلف منصوبوں کے لئے 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کیا جو ملکی تاریخ میں بہت بڑا معاشی پیکیج ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بھی بغیر کسی شرط کے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کا تحفہ دیاہے جو کہ وزیراعظم نواز شریف کی ذات پر سعودی عرب اور شاہ عبدالله کا بھرپوراعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے اہلیان چنیوٹ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے چینی مہمانوں کا خصوصی خیال رکھیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے چنیوٹ فیصل آباد روڈ کی دورویہ تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضلع کے لئے مزید ترقیاتی تحائف دئیے جائیں گے اور وہ لوہے کے ذخائر کے حصول کے اس منصوبے کی پیش رفت کاجائزہ لینے کے لئے آتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ چین کی کمپنی کے ساتھ لوہے کے ذخائر کی تلاش کیلئے طے کئے گئے معاہدے میں میرٹ ،شفافیت اور تمام قواعد و ضبوابط کو مد نظر رکھا گیا ہے اور چین کی جس کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیاہے اس کا شمار دنیا کی معروف اور بہترین کمپنیوں میں ہوتا ہے- وزیراعلی محمد شہبازشریف نے صوبائی وزیر منرل ڈویلپمنٹ چودھری شیر علی او رسیکرٹری منرل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر ارشد محمود کی کاشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ اس منصوبے کے لئے بہت محنت کر رہے ہیں- وزیراعلی نے پنجاب منرل کارپوریشن کے چیئرمین ثمر مبارک مند کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایٹم بم بنانے میں بھر پور معاونت کی ہے - جس طرح انہوں نے پاکستا ن کو ا یٹمی قوت بنانے کے لئے تعاون کیا اسی طرح وہ چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر کی تلاش میں بھی اپنا بھر پور اور موثر کردار ادا رکریں گے-قبل ازیں چینی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا کے نمائندے یوجانگ جی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اہلیان چین کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں چائنا کی یہ کمپنی اجنبی نہیں بلکہ 1980سے پاکستان کی ترقی کے عمل میں شریک ہے۔

اب خام لوہے کی تلاش کے لئے چنیوٹ میں اس کے ثمرات آپ کے سامنے لائیں گے جس کا پنجاب حکومت نے شفاف انداز میں معاہدہ کیا ہے۔چےئرمین پنجاب منرل کارپوریشن ثمر مبارک مند نے کہا کہ تعلیم کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیکنالوجی کا بہتر سے بہتر استعمال ہماری نوجوان نسل کی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے چنیوٹ کے منصوبے کو پاکستان کی معیشت کے لئے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوی امید ہے کہ اس جگہ تانبے کے ذخائر بھی نکلیں گے اور جہاں تانبا ہووہاں سونے اورچاندی کے اثرات بھی ہوتے ہیں۔

صوبائی وزیر معدنی ترقی چوہدری شیر علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قابل اعتماد اور متحرک رہنمائی میں چنیوٹ کے اس اہم منصوبے کو آگے بڑھائیں گے -انہوں نے کہا کہ لوہے کے ذخائر ملنے پر صوبے اور پاکستان کی معیشت کی حالت بدل جائے گی اور اگلا قدم بڑی سٹیل ملز کے قیام کی طرف ہوگا جس سے لوہے کی صنعت کو فروغ ملے گا۔تقریب سے ایم این اے قیصر اے شیخ اور ایم پی اے مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی آمداور اس منصوبہ کی پیشرفت میں گہری دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔