تازہ ترین اشاریے معیشت کی ترقی کے عکاس ہیں،وزیراعظم نوازشریف ، تھری جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا،پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور اگر انہیں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں، ٹیلی کام صنعت کے تین رکنی وفد سے گفتگو ،ملک کو اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے،صدر ممنون حسین ، موجودہ حکومت کی طرف سے آزادانہ و سرمایہ کارانہ دوست پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کی بدولت پاکستان ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بن چکا ہے، ٹیلی کام صنعت کے وفد سے گفتگو

جمعہ 4 اپریل 2014 06:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء )وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تازہ ترین اشاریوں سے پاکستان کی معیشت کی تیز تر ترقی اور امداد فراہم کرنے والے مختلف ملکوں اور اداروں کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ان خیا لات کا اظہارانہوں نے ومپل کام کے سی ای او جولنڈر، ”ایمرٹس“ کے شریک بانی اور چیئرمین اوگئی کے فبیلا اور ”موبی لنک“ کے سی ای او اور صدر راشد خان پر مشتمل ٹیلی کام صنعت کے تین رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ تھری جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے سے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور اگر انہیں مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نجکاری کی سرگرم پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، سٹاک ایکس چینج میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ چند برسوں میں توانائی کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔وفد نے حکومت کی نجکاری کی پالیسی سراہتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی سے معیشت کو فروغ ملے گا۔

ادھرصدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے آزادانہ و سرمایہ کارانہ دوست پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کی بدولت پاکستان ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بن چکا ہے اور ملک کو اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے۔ اس امرکا اظہارانہوں نے ٹیلی مواصلات خدمات فراہم کرنے والے عالمی ادارے ومپل کام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جس نے اپنے سی ای او جولنڈر کی قیادت میں جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ”ایمرٹس“ کے شریک بانی اور چیئرمین اوگئی کے فبیلا اور ”موبی لنک“ کے سی ای او اور صدر راشد خان شامل تھے۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن، وزیراعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل، قائمقام سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ عمران افضل چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی عظمت علی رانجھا اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سید اسماعیل شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔