اسرائیل کا فلسطینی قیدی رہا کرنے سے انکار

جمعہ 4 اپریل 2014 06:47

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء)فلسطینی رہنماوٴں کی جانب سے اقوام متحدہ میں اپنی شناخت بڑھانے کی پاداش میں اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کے چوتھے گروپ کو رہا کرنے کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیل کی وزیر انصاف زپی لِونی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں نے اپنے اقدامات سے قیدیوں کی رہائی کی شرائط سے رو گردانی کی ہے۔

اسرائیلی وزیر انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب اسرائیل چاہتا ہے کہ امن کے عمل کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔ایک اسرائیلی ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا ہے کہ قیدیوں کو رہا نہ کرنے کے فیصلے سے فلسطینیوں کو ایک میٹنگ میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مذید کہا کہ مِس لِونی نے فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ یکطرفہ اقدامات لینا چھوڑیں اور مذاکرات کی میز پر واپس آ جائیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے پہلے فلسطینی قیدیوں کے تین گروپوں کی رہائی کو اسرائیلی عوام نے بالکل پسند نہیں کیا تھا کیونکہ رہائی پانے والے قیدیوں میں کئی ایسے افراد تھے جنھیں اسرائیلیوں کو قتل کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ حال ہی میں فلسطینی رہنما محمود عباس نے اقوام متحدہ کی پندرہ یاداشتوں پر فلسطینیوں کی جانب سے دستخط کرنے کے لیے درخواست کی ہے جن میں اسرائیل پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے اپنے وعدوں کا پاس نہیں رکھا ہے۔فلسطینیی قیدیوں کی رہائی اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے عمل کا حصہ ہے جسے امریکہ کا تعاون حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :