کچھ غلطیاں سلیکشن اور کچھ کپتانی ، کچھ کوچنگ کی تھیں، نجم سیٹھی ،4سے 5ماہ میں نئی ٹیم اور باڈی بنائینگے ، حفیظ کو استعفے کیلئے میں نے نہیں کہا ،ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں تھی، ہار کے بعد جو ردعمل ہمارے ہاں آیا ایسا انگلینڈ اور آسٹریلیا میں نہیں آیا،بگ تھری کے معاملے پر سات اپریل کو دبئی جارہا ہوں، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 اپریل 2014 06:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ کچھ غلطیاں سلیکشن اور کچھ کپتانی ، کچھ کوچنگ کی تھیں ، چار سے پانچ ماہ میں نئی ٹیم اور باڈی بنائینگے ، حفیظ کو استعفے کے لیے میں نے نہیں کہا یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے ، سلیکشن کوچنگ اور کپتانی میں غلطیاں تھیں،ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں تھی، ہار کے بعد جو ردعمل ہمارے ہاں آیا ایسا انگلینڈ اور آسٹریلیا میں نہیں آیا،بگ تھری کے معاملے پر سات اپریل کو دبئی جارہا ہوں ۔

جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ محمد حفیظ نے ذمہ داری لے کر بہادری کا مظاہرہ کیا ان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے راستے کھول دیئے ہیں تاکہ ہم کھلے دل سے ہر چیز کا جائزہ لیں اور یہ ایک اچھی مثال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی کارکردگی دیکھنے کے لیی بھی دو دو ماہ کے کنٹریکٹ دیئے تھے اور سب نے اچھے طریقہ سے ذمہ داری لی ہے ہم سب چاہتے ہیں کہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ہم اچھے فیصلے کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں تھی ٹیم کی ہار پر جو ردعمل پاکستان میں آیا ایسا ردعمل ہم سے پیچھے رہ جانے والے ممالک آسٹریلیا اور انگلینڈ میں نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ کپتانی میں بھی غلطیاں تھیں اور کچھ غلطیاں سلیکشن میں بھی تھیں تنقید میں بھی وزن تھا اور سارا کچھ سامنے آگیا انہوں نے کہا کہ حفیظ نے اپنا فیصلہ خود کیا ہے.

میں نے انہیں نہیں کہا کہ استعفی دیں انہوں نے مجھے کہا ہے کہ وہ کسی کی بھی کپتانی میں کھیلنے کیلئے تیار ہیں انہوں نے کہا کہ چیئرمین کا کردار مخصوص ہوتا ہے میرا کام چیف سلیکٹر کو لانا ہے پرانی سلیکشن میں کوئی غلطی تھی تو اب راشد لطیف آگئے ہیں ہم ماہرین کے ساتھ مل بیٹھ کر کوئی راستہ نکالیں گے بولنگ کوچ محمد اکرم و نہیں ہٹایا جائے گا اور ٹیم کے ساتھ فل ٹائم فزیو کا بندوبست کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ بگ تھری کے معاملے پر سات اپریل کو دبئی جارہا ہوں انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ہم بری طرح فیل ہوگئے ہیں دنیاسے ورلڈ کلاس فیلڈنگ کوچ چاہیے انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم کی کمیٹی گزشتہ بورڈ نے بنائی تھی اور پرانی ٹیم مینجمنٹ گھر جا چکی ہے وقار یونس آنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو میڈیا نے گھیر لیا ہے انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں تھی مجھے اعتراض ہونا چاہیے لیکن میں نے اعتراض نہیں کیا ۔