کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی میں توسیع کا باضا بطہ اعلان کردیا ،حکومت کی طرف سے اچھے نتائج اور مثبت پیشرفت کی خوشخبری نہیں دی گئی‘ حکومت و فورسز کیخلاف کارروائیاں معطل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے‘ترجمان شاہداللہ شاہد

ہفتہ 5 اپریل 2014 03:36

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اپریل۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے 10 اپریل تک جنگ بندی میں توسیع کا با ضا بطہ اعلان کردیا‘ جو دس اپریل تک جا ری رہے گی جسکے بعد طالبان شوریٰ کا اجلاس ہوگا جس میں مزید فیصلہ کیا جائے گا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہداللہ شاہد کے مطابق طالبان کو حکومت اور فورسز کیخلاف تمام تر کارروائیاں معطل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور 10 اپریل تک جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کردیا۔

10 اپریل کی بعد طالبان شوریٰ کا اجلاس دوبارہ ہوگا جس کے بعد مزید کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود حکومتی جواب کے منتظر ہیں۔ حکومت کی جانب سے خاموشی کا مظاہرہ کئے جانے پر لوگ الجھن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے تاحال کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ کالعدم تحریک طالبان نے امن کی خاطر انتہائی ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے ابتدائی طور پر آسان شراط رکھی گئیں تاہم حکومت کی طرف سے اچھے نتائج اور مثبت پیشرفت کی خوشخبری نہیں دی گئی۔ انہو ں نے کہا کہ تمام طالبان گروپوں کو اس مدت میں حکومت اور فورسز کے خلاف کارروائیاں معطل رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاہم جنگ بندی میں مزید توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ طالبان شوریٰ 10 اپریل کے بعد کرے گی۔

۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو غیر عسکری قیدیوں کی رہائی اور امن زون قیام پرعملدرآمد کا احساس ہونا چاہئے جبکہ ہم نے سکیورٹی اداروں کی خلاف ورزیوں کے ثبوت بھی کمیٹی کو پیش کئے ہیں۔واضح رہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان باضابطہ مذاکرات شروع ہونے کے بعد پہلے طالبان اور پھر حکومت کی جانب سے ایک ماہ تک جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا جس کی مدت 31 مارچ کو پوری ہوگئی تھی۔

متعلقہ عنوان :