طالبان کے ساتھ عملی طورپرمذاکرات کاآغازاگلے ہفتے سے ہوجائے گا،مولاناسمیع الحق،حکومت کی طرف سے خیرسگالی جذبے کے تحت اٹھائے گئے اقدامات اورغیرعسکری قیدیوں کی رہائی کے باعث اعتمادکی فضاء قائم ہوگئی ہے ، مذاکرات تیزی سے آگے بڑھیں گے، مستقل طورپردونوں طرف سے جنگ بندی کافیصلہ کیاجائے،دونوں طرف سے مطالبات کی حتمی فہرست مرتب نہیں کی گئی ،تاہم اگلے ہفتے شروع ہونے والے مذاکرات تک مطالبات کوحتمی شکل دیدی جائے گی ، اجلاس کے بعدمیڈیاکے نمائندوں سے گفتگو

اتوار 6 اپریل 2014 04:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء)طالبان کمیٹی کے سربراہ مولاناسمیع الحق نے کہاہے کہ طالبان کے ساتھ عملی طورپرمذاکرات کاآغازاگلے ہفتے سے ہوجائے گا،حکومت کی طرف سے خیرسگالی جذبے کے تحت اٹھائے گئے اقدامات اورغیرعسکری قیدیوں کی رہائی کے باعث اعتمادکی فضاء قائم ہوگئی ہے جس کے باعث مذاکرات تیزی سے آگے بڑھیں گے،ہماری کوشش ہے کہ جنگ بندی میں باربارتوسیع کے بجائے مستقل طورپردونوں طرف سے جنگ بندی کافیصلہ کیاجائے،دونوں طرف سے مطالبات کی حتمی فہرست مرتب نہیں کی گئی ،تاہم اگلے ہفتے شروع ہونے والے مذاکرات تک مطالبات کوحتمی شکل دیدی جائے گی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کے روزپنجاب ہاوٴس میں وفاقی وزیرداخلہ کی صدارت میں حکومتی وطالبان کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کے بعدمیڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی بحث ومباحثہ ہواہے اورمذاکرات کوآگے بڑھانے کالائحہ عمل طے کیاگیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ طالبان کے ساتھ اگلے ہفتے دوبارہ مذاکرات کاآغازہوگا،تاہم ابھی تک جگہ کاتعین نہیں کیاجاسکا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ وفاقی وزیرداخلہ نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پراطمینان کااظہارکیاہے جبکہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پرطالبان بھی مطمئن ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں مولاناسمیع الحق کاکہناتھاکہ ابھی تک طالبان کی طرف سے سامنے آنے والامطالبہ غیرعسکری اورخواتین قیدیوں کی تبادلہ ہے اوراسی مطالبے کے تحت حکومت نے جذبہ خیرسگالی کے طورپرمارچ میں طالبان کے غیرعسکری قیدیوں کی رہائی کے طورپرعملی اقدامات اٹھایاہے ،جس کے باعث اعتمادکی فضاء قائم ہوئی ہے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ ایک دوروزتک خیرسگالی کے تحت مزیداقدامات بھی اٹھائے جائیں گے اورحکومت نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اعتمادکی فضاء قائم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں مولاناسمیع الحق کاکہناتھاکہ حکومت اورطالبان کی طرف سے ابھی تک مطالبات کی حتمی فہرست مرتب نہیں کی گئی ،تاہم اگلے ہفتے طالبان شوریٰ کے ساتھ حکومتی وطالبان کمیٹیوں کی ملاقات کے بعددونوں طرف سے مطالبان کی اصلی فہرست سامنے آجائے گی۔

متعلقہ عنوان :