دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مذاکرات جاری ہیں ،عمران خان،طالبان کی اکثریت امن کیلئے تیار ہے ،چاروں صوبوں میں خیبر پختونخواہ کی عوام اپنی حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں،پی ٹی آئی کی کامیابی کسی شخصیت کی نہیں جماعت کی وجہ سے ہوئی ،ناراض اراکین کو منا لیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی کی کراچی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو

اتوار 6 اپریل 2014 04:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مذاکرات جاری ہیں، طالبان کی اکثریت امن کے لئے تیار ہے ،چاروں صوبوں میں خیبر پختونخواہ کی عوام اپنی حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں،تحریک انصاف کی کامیابی کسی شخصیت کی وجہ سے نہیں جماعت کی وجہ سے ہوئی ہے ،خیبر پختونخواہ کے ناراض اراکین کو منا لیں گے۔

وہ ہفتہ کی شام کراچی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں امن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی میں پولیس کو غیر سیاسی کر دیا جائے تو امن قائم ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کمزور کے لئے الگ اور طاقتور کے لئے الگ قانون ہے جو خرابی پیدا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

طالبان سے مذاکرات کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے طالبان سے مذاکرات شروع کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ10سال کے دوران6ہزار سے زائد آپریشن کئے گئے کسی کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات جاری ہیں سب کو صبر سے کام لینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ طالبان کی اکثریت امن چاہتی ہے کچھ عناصر ایسے ہیں جو چاہتے ہیں کہ ملک میں امن قائم نہ ہو۔خیبر پختونخواہ کے ناراض اراکین اسمبلی کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے منتخب اراکین اپنی یا کسی خاص شخصیت کی بناہ پر نہیں تحریک انصاف کی وجہ سے کامیاب ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے ناراض اراکین کی شکایات دور کی جائیں گی ۔واضح رہے کہ ہفتہ کی شام پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی نجی مصروفیت کیلئے کراچی پہنچے اور کراچی میں اپنے دوست طارق شفیع کے گھر شادی کی تقریب میں شرکت کریں گے ۔