وزیراعلیٰ سے ملائشیا کے معروف گروپ ایم ایم سی کارپوریشن کے وفد کی ملاقات،حلال پروڈکٹس اور تعمیراتی شعبے میں تعاون پر اتفاق،پنجاب میں لائیوسٹاک اور حلال پروڈکٹس کے شعبوں کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں: محمد شہباز شریف،خلیجی ریاستوں اور ملائشیا میں حلال پروڈکٹس کی بہت زیادہ مانگ ہے،حلال پروکٹس کی برآمدات بڑھا کر کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے،وزیراعلیٰ ،وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ترقیاتی ویژن نے بہت متاثر کیا ہے، پنجاب کیساتھ حلال میٹ اور پولٹری کے حوالے سے تعاون کرینگے،چیئرمین ملائشین گروپ

اتوار 6 اپریل 2014 04:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں لائیوسٹاک اور حلال پروڈکٹس کے شعبوں کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حلال پروڈکٹس کی برآمدات بڑھا کر پاکستان کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ حلال پروڈکٹس میں ملائشین گروپ کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ملائشیا کے معروف گروپ ایم ایم سی کارپوریشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کرنے والوں میں ایم ایم سی کارپوریشن چیئرمین سید مختار البخاری، ریجنل پریذیڈنٹ فار ایشیا یحییٰ ادریس، علی محمود کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، اور ڈی جی ایل ڈی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایم ایم سی کارپوریشن کی جانب سے پنجاب میں حلال پروڈکٹس اور تعمیراتی شعبے میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ملائشین وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے جس کی معیشت کا زیادہ تر انحصار زرعی اجناس اور لائیوسٹاک پر ہے۔ پنجاب حکومت شعبہ لائیوسٹاک کی ترقی اور حلال پروڈکٹس کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ پنجاب میں لائیوسٹاک اور حلال پروڈکٹس کے حوالے سے بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔ لاہور میں 2 ارب روپے کی لاگت سے جدید سلاٹر ہاؤس قائم کیا گیا ہے جہاں شہریو ں کو بین الاقوامی معیار اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت فراہم کیا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت حلال پروڈکٹس کی برآمدات پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ خلیجی ریاستوں اور ملائشیا میں حلال پروڈکٹس کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ وزیراعلیٰ نے حلال پروڈکٹس میں ملائشین گروپ کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایم سی کارپوریشن دیگر شعبوں میں بھی پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کا جائزہ لے۔ملائشیا کے گروپ کو تمام سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔ ایم سی سی کارپوریشن کے چیئرمین سید مختارالبخاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ترقیاتی ویژن نے بہت متاثر کیا ہے اور ہمارا گروپ پنجاب حکومت کے ساتھ حلال میٹ اور پولٹری کے حوالے سے تعاون کو فروغ دے گا۔