امریکی فضائی طیارہ ساز کمپنی کوایران کو فاضل پرزہ جات فراہم کرنے کی اجازت

اتوار 6 اپریل 2014 04:20

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء)امریکہ نے ہوائی جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ کوایران کو فاضل پرزہ جات فراہم کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ادارے کے ترجمان کے مطابق اس کا مقصدایران کے جہازوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ہے لیکن فی الوقت انھیں نئے جہاز فروخت نہیں کیے جاسکیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق مسافر طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کا کہنا ہے کہ اسے ایران کو محدود مدت کے لیے کچھ فاضل پرزہ جات فراہم کرنے کی اجازت مل گئی ہے تاکہ یہ ملک اپنے تجارتی فضائی بیڑے کے پرانے جہازوں کی مرمت کر سکے۔

1979ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اس بڑی کمپنی نے ایران کے ساتھ کاروبار کر ے گی۔ بوئنگ کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ادارہ ایران کو درکار فاضل پرزہ جات فراہم کرسکتا ہے تاکہ اس کے جہاز بحفاظت فضائی سفر کر سکیں لیکن، کمپنی کو فی الوقت نئے جہازایران کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہے۔اس بارے میں بین الاقوامی تعزیرات پر عملدرآمد کروانے والے امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔