سی آئی اے کئی برسوں تک مشتبہ دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کی غلط معلومات فراہم کرتی رہی‘ امریکی کانگریس

اتوار 6 اپریل 2014 04:21

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء) امریکی کانگریس کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سی آئی اے مشتبہ دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کے منصوبوں کے متعلق عوام اور قانون سازوں کو کئی برسوں تک غلط معلومات فراہم کرتی رہی تھی۔امریکی روزنامے \'واشنگٹن پوسٹ\' کے مطابق امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ \'سی آئی اے\' نے پوچھ گچھ کے متنازع طریقے استعمال کرکے شدت پسندوں سے اہم معلومات حاصل کرنے اور اس کی بنیاد پر دہشت گرد حملے ناکام بنانے کے جو دعوے کیے، وہ سراسر جھوٹ تھے۔

رپورٹ کے مطابق \'سی آئی اے\' کے اہلکار قیدیوں پر بدترین تشدد کرنے سے قبل ہی ان سے یہ معلومات حاصل کرچکے تھے لیکن اس کے باوجود انہیں پوچھ گچھ کے متنازع اور تکلیف دہ طریقوں سے گزارا گیا۔

(جاری ہے)

\'واشنگٹن پوسٹ\' میں منگل کو شائع ہونیو الی ایک خبر کیمطابق سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی یہ رپورٹ 6300 صفحات پر مشتمل ہے جس میں بھی کہا گیا ہے کہ \'سی آئی اے\' نے قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کی تفصیلات قانون سازوں سے چھپائے رکھیں اور انہیں حقیقت سے لاعلم رکھا تھا۔مذکورہ رپورٹ امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی جانب سے \'سی آئی اے\' کے متنازع اور پرتشدد \'انٹیرو گیشن پروگرام\' کی گزشتہ چار برسوں سے جاری تحقیقات کا نتیجہ ہے۔

متعلقہ عنوان :