امن مذاکرات بچانے کی کوششیں، امریکی سفیر بھی متحرک

اتوار 6 اپریل 2014 04:24

مقبوضہ یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء)اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی امن مذاکرات کے سلسلے میں آج اتوار کو امریکی سفیر مارٹن انڈیک سے ملاقات کریں گے تاکہ امن کے لیے پچھلے سال جولائی سے جاری کوششوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ اس سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنی انتھک کوششوں میں کل تک مصروف رہے ہیں۔اس کے بعد ہی جان کیری نے گزشتہ روز کہا ہے کہ \'\'امریکا امن مذاکرات کیلیے دستیاب ہے لیکن ہر کام کے لیے وقت اور توانائی کی کچھ حدود ہیں، یہ وقت حقیقت کو جانچنے کا ہے۔

اسی روز امریکی سفیر نے اسرائیلی مذاکرات کار اور وزیر انصاف زیپی لیونی اور فلسطینی مذاکرات کار صائب ایرکات سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔ اس سے ایک روز پہلے جمعرات کو جان کیری نے اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے رہنماوں سے ملاقاتیں کیں تاکہ فریقین کو مزاکرات کی میز پر واپس لاسکیں۔

(جاری ہے)

تاہم فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے جان کیری کے اصرار کے باوجود وہ درخواست واپس لینے سے انکار کر دیا۔

جس درخواست کے ذریعے فلسطین عالمی فورم اور معاہدات کے تحت معاملات کی بہتری کی کوشش کرے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی ایسی اپیلیں ماننے سے انکار کر دیا جو امن مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے مفید ہو سکتی ہیں۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ محمود عباس کی کوشش امن مذاکرات کے صریحا خلاف ہے۔ کیونکہ جب جولائی 2013 میں امن مذاکرات شروع ہوئے تو یہ طے کیا گیا تھا کہ کسی اور فورم سے رجوع نہیں کیا جائے گا۔ فلسطینی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیل پہلے ہی اپنے وعدوں سے انحراف کر چکا ہے حتی کہ فلسطینی اسیران کی رہائی کے وعدے سے بھی مکر گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :