سری لنکا نے بگ تھری کے ٹھیکیدار بھارت کو عبرتناک شکست دیکرٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اپنے نام کرلیا،کمارا سنگاکارا نے اپنے آخری میچ کی اننگز یادگار بنا دی، 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سری لنکا کو ٹی 20 ورلڈ کپ کا چیمپئن بنا دیا،سری لنکا نے 131رنز کا ہدف 18ویں اوور میں پوراکرلیا ،عمدہ کھیل پرکمارسنگا کارا مین آف دی میچ قرارپائے

پیر 7 اپریل 2014 05:52

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء)سری لنکا نے بگ تھری کے ٹھیکیدار بھارت کو عبرتناک شکست دیکرٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل سری لنکا نے اپنے نام کرلیا ، کمارا سنگاکارا نے اپنے آخری میچ کی اننگز یادگار بنا دی، 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سری لنکا کو ٹی 20 ورلڈ کپ کا چیمپئن بنا دیا۔سری لنکا نے 131رنز کا ہدف 18ویں اوور میں پوراکرلیا ،عمدہ کھیل پر کمارسنگا کارا مین آف دی میچ قرارپائے ،سری لنکا نے طویل اور صبر آزما انتظار کے بعد آئی سی سی کا بین الاقوامی ایونٹ پہلی مرتبہ جیت ہی لیا۔

عمدہ کھیل پر کمارسنگا کارا مین آف دی میچ قرارپائے ۔تفصیلات کے مطابق میر پور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کا سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ بھارت کے 130 رنز کے جواب میں سری لنکن بلے بازوں نے بھارتی گیند بازوں کا دلیری سے مقابلہ کیا اور کسی بھی لمحے میچ کو اپنے ہاتھ سے جانے نہ دیا۔

(جاری ہے)

اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے سری لنکا کے سٹار بیٹسمین کمارا سنگاکارا اس میچ کے ہیرو قرار پائے. انہوں نے صرف 35 گیندوں پر 52 رنز کی یادگار اور ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت سری لنکا پہلی مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا فاتح قرار پایا۔

سری لنکا کے دیگر بلے بازوں مہیلا جے وردھنے 24، دلشان 18 جبکہ پریرا نے 21 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارت کی جانب سے ایم ایم شرما ،ایشون، اے مشرا اور سریش رائنا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ فائنل میچ میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کیلئے 131 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔

فائنل میچ میں بھارت کی جانب سے روہت شرما اور رہانے نے اننگز شروع کی۔ دوسرے ہی اوور میں اینجلو میتھیوز نے رہانے کو بولڈ کرکے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلوائی۔ رہانے صرف 3 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد کریز ویرات نے آکر سنبھالی اور پْراعتماد طریقے سے سری لنکن گیند بازوں کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے روہت شرما کیساتھ دوسری وکٹ کیلئے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم رنگانا ہیراتھ نے روہت شرما کو کیچ آؤٹ کر دیا۔ روہت شرما نے 29 رنز بنائے تھے۔ روہت شرما کے آوٴٹ ہونے کے بعد بھی ویرات کوہلی نے اپنا جارحانہ انداز برقرار رکھا اور ٹورنامنٹ میں اپنی ایک اور نصف سنچری مکمل کی۔ واضع رہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یووراج سنگھ تھے۔

کولسکیرا کی گیند پر ایک اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے صرف 11 رنز بنائے۔ ان جگہ لینے کپتان دھونی آئے، اس وقت بھارت کی اننگز کے آخری دو اوورز باقی تھے تاہم وہ کوئی بھی اونچی شارٹ کھیلنے میں ناکام رہے جس سے بھارتی شائقین کرکٹ کو شدید مایوسی ہوئی۔ آخری گیند پر دو رنز لینے کی کوشش میں ویرات کوہلی رن آؤٹ ہو گئے۔

ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم کیلئے صرف 58 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے اے ڈی میتھیوز، کلسکیرا اور ہیراتھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضع رہے کہ ڈھاکا کے شیرِ بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ بارش کی وجہ سے چالیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تھا تاہم میچ کے اوورز میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل سری لنکن کے مایہ ناز بلے بازوں مہیلا جے وردھنے اور کمارسنگا کارا کا آخری میچ تھا۔ یہ دونوں بلے باز اس ٹورنامنٹ کے بعد ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔یادرہے کہ سری لنکا نے انیس سو چھیانوے میں عالمی کپ جیتا تھا جس کے بعد اسے دو ہزار سات اور دو ہزار گیارہ کے عالمی کپ کے فائنل میں شکست ہوئی۔سری لنکا دو ہزار نو اور دو ہزار بارہ کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھی ہارا تھا۔مہندر سنگھ دھونی کی بیک وقت تین آئی سی سی ٹائٹلز جیتنے والا پہلا کپتان بننے کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ ان کی قیادت میں بھارت نے دو ہزار گیارہ کا عالمی کپ اور گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔