ڈیوس کپ ورلڈ گروپ کے کوارٹر فائنلز میں جرمنی نے فرانس ، برطانیہ نے اٹلی اور قازقستان ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف برتری حاصل کر لی

پیر 7 اپریل 2014 05:52

فرانس ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء )ڈیوس کپ ورلڈ گروپ کے کوارٹر فائنلز میں جرمنی نے فرانس ، برطانیہ نے اٹلی اور قازقستان ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف برتری حاصل کر لی۔فرانس میں ہونیوالے ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز ایونٹ میں جرمن کھلاڑیوں نے دو سنگلز میچز جیت کر ٹیم کو دو صفر کی برتری دلائی جس کے بعد میزبان فرانس کی جوڑی جولین بینیٹو اور مائیکل لوڈرا نے ڈبلز مقابلے میں مہمان حریف بیگیمن اور کامکے کو شکست دی ، فرنچ جوڑی کی فتح کا سکور چھ ایک ، سات چھ ، چار چھ اور سات پانچ رہا۔

دوسری جانب اٹلی میں میزبان ٹیم کو سنگلز میچ میں فتح کے بعد ایک صفر کی برتری ملی لیکن ومبلڈن چیمپئن برطانوی سٹار اینڈی مرے نے میزبان حریف سیپی کو شکست دیکر مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا۔

(جاری ہے)

اینڈی مرے اور فلیمنگ کی جوڑی نے ڈبلز مقابلے میں بھی میدان مارا۔ برطانوی جوڑی نے اطالوی حریف بولیلی اور فلاگ نینی کو دلچسپ مقابلے کے بعد آؤٹ کلاس کیا۔ادھر جنیوا میں جاری ایونٹ میں قازقستان نے سابق ورلڈ چیمپئن روجر فیڈرر کی ٹیم سوئٹزرلینڈ کے خلاف دو ایک کی برتری اپنے نام کی۔سنگلز میں روجر فیڈرر نے قازق حریف کو کوشین کو زیر کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا لیکن ڈبلز میچ میں فیڈرر اور وارینکا کی ٹیم کو مہمان جوڑی سے اپ سیٹ شکست کا سامنا ہوا۔ -

متعلقہ عنوان :