پاکستان آئی او سی کی تسلیم کردہ پی او اے کے تحت ایشین گیمز کے فٹبال ایونٹ میں شرکت کرے گا، حکومت کواس حوالے سے آگاہ کردیا ہے ،سیکرٹری پی ایف ایف ،ہم فیفا کے رکن، آئی او سی کی تسلیم کردہ پی او اے سے الحاق یافتہ ہونے کے ناطے اولمپک چارٹر پر عمل کے پابند ہیں، ہمیں فنڈز جاری نہ کرنے اور دیگر کارروائیاں کرنے کی دھمکیاں دے کردباؤ میں لانے کی بے پناہ کوششیں کی گئیں لیکن اصولی موقف پر قائم ہیں، میڈیا سے گفتگو

پیر 7 اپریل 2014 05:53

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء ) سیکریٹری پی ایف ایف کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان آئی او سی کی تسلیم کردہ پی او اے کے تحت ایشین گیمز کے فٹبال ایونٹ میں شرکت کرے گا،اس ضمن میں حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 19ستمبر سے جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں شروع ہونے والے17 ویں ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جلد ہی قومی فٹبال ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا، اس کے بعد کیمپ لگائیں گے،انھوں نے کہا کہ ہم فیفا کے رکن اور آئی او سی کی تسلیم کردہ پی او اے سے الحاق یافتہ ہونے کے ناطے اولمپک چارٹر پر عمل کے پابند ہیں، ہمیں فنڈز جاری نہ کرنے اور دیگر کارروائیاں کرنے کی دھمکیاں دے کردباؤ میں لانے کی بے پناہ کوششیں کی گئیں لیکن اصولی موقف پر قائم ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں فیفاگول پروجیکٹ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد کنٹرول سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے حوالے کر دیا گیا، پروجیکٹ کو محفوظ بنانے کیلیے چاردیواری کی تعمیر بھی مکمل کرلی گئی تاہم بجلی کی فراہمی ہنوز ایک مسئلہ ہے، امید ہے کہ یہ معاملہ بھی جلد حل ہو جائے گا،ایک سوال پر فیڈریشن کے سیکریٹری نے کہا کہ فیلڈ بنانے کیلیے جلد ہی ضروری فنڈز کا اہتمام کرکے صوبائی ایسوسی ایشن کو رقم فراہم کر دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :