تمام اداروں کی قدرکرتے ہیں مگر فوج کے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کریں گے،آرمی چیف،مادرِ وطن کے تحفظ اور سلامتی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے نہ کبھی دریغ کیا نہ کریں گے،ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز میں خطاب

منگل 8 اپریل 2014 06:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اپریل۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے ادارے کے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی۔ پاک فوج نے مادرِ وطن کے تحفظ اور سلامتی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سینہ کبھی دریغ کیا اور نہ دریغ کرے گی۔آرمی چیف نے پیر کو غازی بیس تربیلہ میں سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

انہوں نے ایس ایس جی کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں میں ان کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایس ایس جی کی بہادری اور جنگی مہارت پر فخر کرتی ہے۔ ہماری ایس ایس جی کا شمار دنیا بھر کی بہترین سپیشل فورسز میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ایس ایس جی کو انتہائی حساس، پیچیدہ اور دشوار صورتِحال میں کام کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود ان کی کارکردگی ہمیشہ قابلِ تحسین رہی ہے۔

ایس ایس جی کے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کے دوران چیف آف آرمی سٹاف کے کہاکہ پاک فوج نے مادرِ وطن کے تحفظ اور سلامتی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی قربانی دینے سینہ کبھی دریغ کیا اور نہ دریغ کرے گی۔پاک فوج نے قومی حمایت کے ساتھ روایتی ہم آہنگی اور عزم سے ہمیشہ قومی سلامتی اور تعمیر وترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور یہ اہم فریضہ سر انجام دیتی رہے گی۔

حالیہ دنوں میں فوج کے بارے میں بعض عناصر کی طرف سے غیر ضروری تنقید پر افسروں اور جوانوں کے تحفظات کے حوالے سے چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ موجودہ صورتِحال میں جبکہ ملک اندرونی اور بیرونی مشکلات سے دو چار ہے، پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے ادارے کے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی۔قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف کا تربیلہ پہنچنے پر وائس چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل غیورمحمود اورجنرل آفیسر کمانڈنگ ایس ایس جی میجر جنرل عابد رفیق نے استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :