جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتوئی میں گاڑی پر فائرنگ، 4 افراد ہلاک، ایک زخمی، طالبان کمانڈر کشید خان چار شدت پسندوں سمیت ہلاک

منگل 8 اپریل 2014 06:22

میرانشاہ ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اپریل۔2014ء )جنوبی وزیرستان کے علاقے شکتوئی میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شکتوئی کے علاقے سے گاڑی گزر رہی تھی کہ پہلے سے گھات لگائے بیٹھے نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4 افراد موقع پر ہی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا مقامی ذرائع کے مطابق شکتوئی میں حکیم اللہ گروپ اور خالد سیدعرف سجنا گروپ کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار طالبان کمانڈر کشید خان چار شدت پسندوں سمیت ہلاک ہو گیا۔

کشید خان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان حکیم اللہ گروپ سے تھا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس واقعے کی تصدیق نہیں کی گئی جبکہ طالبان ترجمان کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل اسی طرح گاڑی پر فائرنگ کے ایک واقعے میں سینئر طالبان کمانڈر عصمت اللہ شاہین بیٹنی اپنے ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے تھے۔