وزیراعظم نے پانچ بیورو کریٹس کو گریڈ 21 میں ترقی دینے کے احکامات جاری کردیئے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا نوٹیفیکیشن بھی جاری ، سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں پولیس سروس کے گیارہ افسران کی ترقی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ، پانچ کو ترقی جبکہ چھ افسران کے نام واپس لے لئے گئے، دوبارہ سے جائزہ لیا جائے گا، امجد علی خان چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ ‘ ارباب شہزاد سیکرٹری تجارت ‘ قاسم نیاز سیکرٹری سفیران جبکہ احمد نواز سکھیرا وزارت نجکاری کا ایڈیشنل سیکرٹری تعینات

منگل 8 اپریل 2014 06:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اپریل۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پانچ بیورو کریٹس کو گریڈ 21 میں ترقی دینے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جن میں امجد سلیمی املیش احمد ‘ عبدالمجید ‘ عارف نواز اورمنیر چشتی شامل ہیں۔ سینٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں پولیس سروس کے گیارہ افسران کی ترقی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا جن میں سے پانچ کو ترقی جبکہ چھ افسران کے نام واپس لے لئے گئے جن کا دوبارہ سے جائزہ لیا جائے گا۔

جن افسران کے نام کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا ان میں رانا الطاف مجید‘ فاروق قریشی‘ سائیں میر بہار‘ کیپٹن طاہر نوید‘ مسعود خان آفریدی اور امیر حمزہ محسود شامل ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے سلیکشن بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ درج بالا پولیس سروس کے افسران کی ترقی کے حوالے سے دوبارہ سے جائزہ لیا جائے اور سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ان کی ترقی کا فیصلہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

جبکہ وزیراعظم پاکستان نے بعض افسران کو صوبوں اور وزارتوں میں تعیناتی کی بھی منظوری دی ہے جس کے تحت امجد علی خان کو چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ ‘ ارباب شہزاد کو سیکرٹری تجارت ‘ قاسم نیاز کو سیکرٹری سفیران جبکہ احمد نواز سکھیرا کو وزارت نجکاری کا ایڈیشنل سیکرٹری تعینات کردیا ہے ۔ وزیراعظم کے احکامات کے بعد مذکورہ افسران کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :