لاپتہ شخص کیس سماعت‘ لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو حساس اداروں سے معلومات اکٹھی کرنے کی ہدایت جاری کردی،حساس اداروں کے سربراہان کی تعاون کی یقین دہانی

منگل 8 اپریل 2014 06:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اپریل۔2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے لاپتہ شخص بادشاہ خان کی بازیابی کے کیس میں آئی جی پنجاب پولیس کو حساس اداروں سے معلومات اکٹھی کرکے رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کردی‘ آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سرربراہان نے تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاپتہ شخص بادشاہ خان کے کیس میں عدالت نے خفیہ اداروں کے سربراہان سمیت اعلی حکام کو طلب کیا تھا۔

پیر کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں سماعت کے موقع پر سیکرٹری دفاع‘ ڈی جی آئی بی‘ آئی جی پنجاب خان بیگ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل پیش ہوئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ لاپتہ افراد کیس کے حوالے سے کمیشن پہلے ہی کام کررہا ہے جس پر جسٹس عبادالرحمن نے استفسار کیا کہ کمیشن کس قانون کے تحت بنا ہے اور وہ کس قانون کے تحت اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرواسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیشن صرف سفارشات پیش کرسکتا ہے۔ عدالت آئی ایس آئی اور ایم آئی کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل نے درخواست پیش کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے کیس میں تحقیقاتی اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو تمام حساس اداروں سے تمام معلومات اکٹھی کرکے آئندہ سماعت تک جمع کرانے کی ہدایت کی۔