ملکی ترقی کی شرح رواں سال چار فیصد رہنے کا امکان آئندہ چند سالوں میں چھ فیصد تک لے جائینگے ، اسحاق ڈار ،چار سالوں کے دوران موٹرویز اور بجلی کی لائنیں بچھانے سمیت توانائی کے منصوبوں پر چونتیس ارب ڈالر خرچ کئے جائینگے،حکومت ملک کی ترقی میں پاکستانی تاجروں ، صنعتکاروں ، ڈاکٹروں ، انجینئرز اور دیگر پیشہ ور افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، وزیر خزانہ کی کینیڈین وزیر سے ملا قات

بدھ 9 اپریل 2014 06:28

ٹورنٹو ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رواں سال ملکی ترقی کی شرح چار فیصد رہنے کا امکان ہے جو پچھلے سالوں میں تین فیصد رہی ہے اور ہم اسے آئندہ چند سالوں میں چھ فیصد تک لے جائینگے ، چار سالوں کے دوران موٹرویز اور بجلی کی لائنیں بچھانے سمیت توانائی کے منصوبوں پر چونتیس ارب ڈالر خرچ کئے جائینگے ، وہ منگل کو یہاں کینیڈا کے صوبہ انتاریو کے وزیر خزانہ چارلس سوسا سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ۔

میزبان وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کی حکومت اپنے ملک کی ترقی میں پاکستانی تاجروں ، صنعتکاروں ، ڈاکٹروں ، انجینئرز اور دیگر پیشہ ور افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ جون میں دوسرا بجٹ پیش کرینگے گزشتہ سالوں میں ترقی کی شرح تیس فیصد رہی ہے جو اس سال چار فیصد رہنے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں آئندہ چند سالوں کے دوران یہ شرح چھ فیصد تک پہنچ جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بڑے ڈھانچہ جاتی ترقیاتی منصوبے چلا رہی ہے اور آئندہ چار سالوں کے دوران ان پر چونتیس ارب ڈالر خرچ کئے جائینگے حکومت نے شفافیت ، اچھے نظم ونسق اور بدعنوانی کو برداشت نہ کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے اپنے انتخابی منشور کے تحت ہم چار ایز پر توجہ دے رہے ہیں جن میں معیشت ، توانائی ، تعلیم اور انتہا پسندی کا خاتمہ شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجیز متعارف کروائی جارہی ہیں جس سے ٹیلی مواصلات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی کے موجودہ رحجان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کررکھا ہے اس وقت توانائی کا 75فیصد ذریعہ فرنس آئل ہے جس کے باعث بجلی بہت مہنگی مل رہی ہے حکومت صاف توانائی کو ترجیحی دے رہی ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کینیڈا کی کمپنیاں پن بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرینگی ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت نے چین کے ساتھ 2000میگا واٹ کے ایٹمی بجلی گھر لگانے کا سمجھوتہ کیا ہے اور بی او ٹی کے تحت مزید تین ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگانے پر بات چیت جاری ہے ۔ ملکی سلامتی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات آخری موقع دے رہی ہے کینیڈا کے وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے ٹھوس اقتصادی ایجنڈے سے ملک کی اقتصادی مشکلات دور کرنے میں مدد ملے گی اور بعض ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور پاکستان کیخلاف تنقید پر افسوس کا اظہارکیا ۔

متعلقہ عنوان :