پاکستان اور سری لنکا کے مابین باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں،جنرل راشد محمود ، پاکستان نے ثابت کردیا ہے کہ وہ سری لنکا کا سچا دوست ملک ہے،مہندرا راجا پاکسے،چیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی سری لنکن کرکٹ کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد ، جنرل راشد محمود کی سری لنکن ہم منصب جنرل جگت جے سوریا سے بھی ملاقات،جاری دفاعی تعاون سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 9 اپریل 2014 06:29

کولمبو( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط کثیر الجہتی تعلقات کے عکاس ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کے روز سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پاکسے سے ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پرجنرل راشد محمود نے انہیں پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کا خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا اور سری لنکن کرکٹ کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔ جنرل راشد محمود نے دہشتگردی کی لعنت سے نمٹنے کے حوالے سے سری لنکن حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا اور انہیں پاکستان کی جانب تمام فورمز پر مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کا ا عادہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سری لنکن صدر مہندرا راجا پکسے نے یو این ایچ سی آر کے حالیہ ا جلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے سری لنکا کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ثابت کردیا ہے کہ وہ سری لنکا کا سچا دوست ملک ہے انہوں نے سری لنکا کی حکومت اور عوام پاکستان سے گہری محبت رکھتے ہیں صدر مہندا راجا پکسے نے سری لنکا کی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کا بھی اعتراف کیا ۔

ملاقات کے موقع پر سری لنکا چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل جگت جے سوریا اور پاکستانی ہائی کمشنر جنرل ریٹائرڈ قاسم قریشی بھی موجود تھے جنرل راشد محمود نے سری لنکا کے وزیر خارجہ پروفیسر جی ایل پیرس سے بھی ملاقات کی اس کے ساتھ جنرل راشد محمود نے سری لنکن ہم منصب جنرل جگت جے سوریا سے بھی ملاقات کی جس میں جاری دفاعی تعاون سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔