تارکین وطن کیلئے ووٹ کے حق‘ عوامی نمائندگی ایکٹ ،تیزاب اور آگ سے جلائے جانے کو قبیح فعل اور بڑا جرم قرار دینے سمیت متعدد نجی بل قومی اسمبلی میں پیش ،سپیکر نے تمام پرائیویٹ بل جائزے کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوادئیے

بدھ 9 اپریل 2014 06:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء) تارکین وطن کیلئے ووٹ کے حق‘ عوامی نمائندگی ایکٹ ،تیزاب اور آگ سے جلائے جانے کو قبیح فعل اور بڑا جرم قرار دینے سمیت متعدد نجی بل قومی اسمبلی میں منگل کوپیش کردئیے گئے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے تمام پرائیویٹ بل جائزے کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوادئیے۔ منگل کو نجی کارروائی کے دن اپوزیشن اراکین کے نجی بل پیش ہوئے جوکہ متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوادئیے گئے۔

ایم کیو ایم کے اراکین ایس اے اقبال قادری‘ سفیان یوسف‘ ساجد احمد‘ ڈاکٹر نگہت‘ شکیل خان نے نمائندگی عوام ایکٹ 1976ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل نمائندگی عوام ترمیمی بل 2014ء پیش کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین ڈاکٹر شیریں مزاری‘ ڈاکٹر عارف علوی‘ نمائندگی عوام ایکٹ کی دفعات 38,33,30,24,2 اور 39 کو حذف کرنے کا بل پیش کردیا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے ارکان ڈاکٹر نفیسہ شاہ‘ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو‘ خواجہ غلام رسول کوریجہ اور اصغر علی شاہ نے فضائی مسافروں کے تحفظ بین الاقوامی حفاظتی معیارات کی تکمیل کو یقینی بنانے، خود مختار قومی فضائی نقل و حمل حفاظتی بورڈ کے قیام کیلئے احکامات وضع کرنے کا بل قومی فضائی نقل و حمل تحفظ بورڈ بل 2014ء پیش کردیا۔ ایم کیو ایم کے اراکین ایس اے اقبال قادری‘ سفیان یوسف‘ عبدالوسیم‘ ڈاکٹر نگہت‘ شکیل خان‘ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی آرڈیننس 2000ء میں مزید ترمیم کا بل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (ترمیمی) بل 2014ء پیش کردیا۔

ایم کیو ایم کے ہی اراکین کشور زہرہ‘ سفیان یوسف‘ سید وسیم حسین اور سید آصف حسنین نے مجموعہ تعزیرات پاکستان 1860ء اور مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2014ء پیش کردیا۔ تحریک انصاف کے اراکین اسد عمر‘ سراج محمد خان‘ نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک‘ ڈاکٹر اظہر خان جدون نے اسلام آباد تجدید کرایہ آریننس 2001ء میں مزید ترمیم کا بل اسلام آباد تجدید کرایہ(ترمیمی) بل 2014ء پیش کردیا۔

حکومت کی جانب سے ماروی میمن‘ قیصر احمد شیخ‘ کیپٹن صفدر و دیگر حکومتی اراکین کے دستخطوں سے تیزاب اور آگ سے جلانے پر مبنی تشدد کو خاص طور پر جرم قرار دینے کیلئے شفاف اور فوری سماعت کا انتظام اور اس سے منسلک اور اس کے ضمنی معاملات کی غرض سے احکامات وضع کرنے کا بل تیزاب اور آگ سے جلانے کے جرم کا بل 2014ء پیش کردیا۔ ایم کیو ایم کے اراکین‘ کشور زہرہ‘ عبدالوسیم‘ ڈاکٹر نگہت‘ شکیل خان اور طاہرہ آصف نے مجموعہ تعزیرات پاکستان 1860ء اور مجموعہ ضابطہ فوجداری 1898ء میں مزید ترمیم کا بل فوجداری قانون ترمیمی بل 2014ء پیش کردیا۔

ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار‘ ایس اے رضا قادری و دیگر کے دستخطوں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے دستور میں مزید ترمیم کا بل دستور (بائیسویں ترمیم) بل 2014 پیش کردیا۔ ایم کیو ایم کی کشور زہرہ‘ شمیم صلاح الدین‘ سمن سلطانہ جعفری اور ڈاکٹر نگہت شکیل نے مجموعہ تعزیرات پاکستان 1860ء اور مجموعہ فوجداری 1898ء میں مزید ترمیم کا بل فوجداری قانون ترمیمی بل 2014ء پیش کردیا جنہیں سپیکر قومی اسمبلی نے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا۔

متعلقہ عنوان :