یو ٹیوب معلومات‘ علم و تحقیق کیساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہے،حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا پابندی اٹھانے کا مطالبہ،رواں ماہ یو ٹیوب کھول دی جائے گی،راجہ جاوید اخلاص،جماعت اسلامی کا یوتھ بزنس لون سکیم کو سود سے پاک کرنے اور ڈاکٹر عافیہ کو لانیکا مطالبہ

بدھ 9 اپریل 2014 06:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء) حکومت اور اپوزیشن کا یو ٹیوب پر فی الفور پابندی اٹھانے اور اعتراض شدہ مواد ختم کرنے کا مطالبہ‘ اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ یو ٹیوب معلومات‘ علم و تحقیق کیساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہے لہٰذا اس پر پابندی ہٹائی جائے جبکہ حکومتی رکن عمران شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں حرام جانوروں کی چربی کو اشیائے خوردونوش میں استعمال کیا جارہا ہے جو نہ صرف غیر اسلامی بلکہ معاشرتی خرابی کا بھی باعث ہے لہٰذا حکومت فی الفور ایکشن لے۔

منگل کو قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے عبدالرشید گوڈیل نے نکتہ اعتراض پر کہاکہ کراچی میں لاکرز کی حفاظت کے حوالے سے وزارت داخلہ اقدامات کرے اور جن کا نقصان ہوا ہے انہیں حکومت رقم دلوائے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے شیر اکبر نے کہا کہ یوتھ بزنس لون سکیم کو سود سے پاک کیا جائے۔ ایم کیو ایم کے سید رضا عابدی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہیں سپریم کورٹ کے ججز کے برابر کی جائیں کیونکہ کم تنخواہوں میں گزارہ نہیں ہوتا۔

جماعت اسلامی کی عائشہ سیدنے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ملک میں واپس لایا جائے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ تحریک انصاف کے شہریار آفریدی نے کہا کہ حج انتظامات ابھی سے کئے جائیں‘ تاخیر سے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ پیپلزپارٹی کے نواب محمد یوسف تالپور نے کہاکہ میرے حلقے میں نہر میں پائپ ڈال کر پانی چوری کیا جاتا ہے جس سے ٹیل پر پانی نہیں پہنچتا۔

غلط کاموں پر انکوائری کروائیں ورنہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھوک ہڑتال کریں گے۔ تحریک انصاف کے سرور خان نے کہا کہ غیرقانونی اور غیر آئینی طریقے سے مجھے معطل کیا گیا۔ اس ساری سازش کے پیچھے ایک مخصوص شخص کا ہاتھ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے عمران شاہ نے کہاکہ پاکستان میں ایسی اشیاء فروخت ہورہی ہیں جوکہ حلال نہیں ہیں۔ چاکلیٹ‘ کینڈی جیسی اشیاء میں سور کی چربی شامل ہے اس پر کمیٹی تشکیل دی جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے شہاب الدین نے کہاکہ فاٹا کے مسئلے پر ایوان میں بحث کریں اور ایف سی آر کے خاتمے پر قانون سازی کریں۔ سرزمین خان نے کہا کہ میرے حلقہ انتخاب میں سیلاب آیا اور وہاں کے لوگوں کو ریلیف نہیں ملا لہٰذا حکومت مدد کرے۔ پیپلزپارٹی کی شازیہ مری نے کہا کہ یو ٹیوب کو کھولنے کیلئے حکومت نے وعدہ کیا تھا لیکن اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا جس پر پارلیمانی سیکرٹری کابینہ راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ حکومت یوٹیوب کھولنے کیلئے کام کررہی ہے۔ رواں ماہ یو ٹیوب کھول دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :