ورلڈ کپ ٹی 20میں حیران کن شکست کے باوجود مہندر سنگھ دھونی آرمی افسر کی وردی میں ملبوس ممبئی پہنچے ، دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کی شرٹ پہنی ہوئی تھی، بھارتی آرمی نے گذشتہ سال دھونی کو اعزازی طور پر لیفٹیننٹ کرنل مقررکیا تھا انہیں کرکٹ چھوڑ کر یقینی طور پر آرمی کے لئے خدمات انجام دینے کا کہا تھا ، ائرپورٹ پر صحافیوں کے سوالوں کے جواب مسکرا کر اور دلیری سے دیئے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ،یوراج سنگھ اور اپنے گھر پر تماشائیوں کے پتھراؤ پر تبصرہ کرنے سے گریز ،یہ سب میڈیا کی وجہ سے ہوتا ہے ، دھونی کا صحافیوں کو جواب

بدھ 9 اپریل 2014 06:16

میرپور ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اپریل۔2014ء )میر پور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں چھ وکٹ کی حیران کن شکست کے چند گھنٹے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم ڈھاکا کے شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ممبئی کے لئے روانہ ہوئی تو کپتان مہندر سنگھ دھونی آرمی کے افسرکی وردی میں ملبوس تھے۔وہ خاکی پینٹ،لانگ شوز اورفوجیوں کی ٹی شرٹ پہنیاور کمر پربیگ پیکر لٹائے ہوئے سب سے منفرد دکھائی دے رہے تھے۔

جبکہ دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کی شرٹ پہنی ہوئی تھی، بھارتی آرمی نے گذشتہ سال دھونی کو اعزازی طور پر لیفٹیننٹ کرنل مقررکیا تھا اور دھونی نے کہا تھا کہ وہ کرکٹ چھوڑ کر یقینی طور پر آرمی کے لئے خدمات انجام دیں گے۔ اس وقت وہ کرکٹ میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

فوجی افسر کی طرح آگے بڑھتے ہوئے ان کا سامنا چند پاکستانی صحافیوں سے ہوگیا۔ دھونی نے انہیں پہچانتے ہی مسکراتے ہوئے گرم جوشی سے مصافحہ کیا اور لگ رہا تھا کہ مضبوط اعصاب کے مالک مہندر سنگھ دھونی شکست کو بھول چکے ہیں یا وہ لوگو ں میں اس شکست کا اظہار نہیں کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب میڈیا کی وجہ سے ہوتا ہے۔ لوگ مشتعل ہوجاتے ہیں بھارت اور پاکستان میں میڈیا اور خاص طور پر الیکٹرانک میڈیا جلتی پر تیل کا کام کرتا ہے۔ رانچی میں میرے گھر پر بھی اکثر مظاہرین جمع ہوجاتے ہیں اور وہ پتلے ساتھ لاتے ہیں۔ دھونی نے ازراہ مذاق کہا کہ میں خود ان سے کہتا ہوں کہ پتلے میرے حوالے کئے جائیں میں خود انہیں نذرآتش کرتا ہوں آپ نے کیوں زحمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کو کھیل کی طرح لینا چاہیے۔ کرکٹ ہماری زندگی ہے لیکن کرکٹ سے ہٹ کر بھی کوئی زندگی ہے اس لئے میں پریشر گراؤنڈ میں چھوڑ آتا ہوں۔

متعلقہ عنوان :