روسی ایجنٹ یوکرین میں افراتفری پھیلا رہے ہیں‘امریکہ ، روس علیحد گی کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پڑوسی ملک یوکرین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کررہا ہے، جا ن کیر ی

جمعرات 10 اپریل 2014 06:50

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے روس پر یوکرین کے مشرقی شہروں میں انارکی پھیلانے کے لیے اپنے ایجنٹ بھیجنے کا الزام عائد کر تے ہو ئے کہا ہے کہ روس یوکرین کے مشرقی شہروں میں کریمیا جیسی صورت حال پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے تا کہ وہاں بھی فوجی کارروائی کی جاسکے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جان کیری نے امریکی ارکان کانگریس کو بتایا ہے کہ\'\'گذشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران مشرقی یوکرین میں ہم نے روس کی جانب سے اشتعال انگیزی کو ملاحظہ کیا ہے۔

اس کے ایجنٹ وہاں متحر ک ہیں اور وہ افراتفری پھیلا رہے ہیں۔امریکی وزیرخارجہ نے روس کی ان کوششوں کو \'\'غیر قانونی اور بلاجواز\'\' قراردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ بالکل ناقابل قبول ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ روس علیحد گی کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پڑوسی ملک یوکرین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کررہا ہے۔وائٹ ہاوٴس نے گذشتہ روز روسی صدر ولادی میر پوتین کو مشرقی یوکرین میں خفیہ یا علانیہ مداخلت پر خبردار کیا تھا اور کہا تھا کہ اسے اختتام ہفتہ پر کیے گئے اشتعال انگیز اقدامات پر تشویش لاحق ہے۔

وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جے کارنی نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:\'\'ہم صدر ولادی میر پوتین اور ان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یوکرین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں سے باز آجائیں اور فوجی مداخلت سے بھی باز رہیں\'\'۔ترجمان نے خبردار کیا کہ مشرقی یوکرین میں روسی فورسز کے کسی بھی اقدام کواشتعال انگیزی سمجھا جائے گا اور اس کے ردعمل میں مغرب کی جانب سے نئے مضمرات ہوں گے۔

درایں اثناء یوکرین کے عبوری صدر اولیکسندر ترچینوف نے کہا ہے کہ ملک کے مشرقی شہروں میں سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرنے والے روسی علیحدگی پسندوں کے ساتھ دہشت گردوں ایسا معاملہ کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔یوکرینی وزیرداخلہ آرسن اواکوف نے اپنے فیس بْک صفحے پر ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں دہشت گردی مخالف کارروائی شروع کرنے کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ ایک سرکاری عمارت پر قبضے کے الزام میں ستر علیحدگی پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :