اسرائیلی عدا لت نے فلسطینی اولمپیئن کو بیت اللحم جانے سے روک دیا ،ملٹری کورٹ کے فیصلے میں مداخلت نہیں کر سکتے ، اسرائیلی عدا لت

جمعرات 10 اپریل 2014 06:51

بیت اللحم (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء)اسرائیل کی ہائی کورٹ نے ایک فلسطینی اولمپیئن ایتھلیٹ کو غزہ چھوڑ کر غربِ اردن میں ہونے والی میراتھن ریس میں حصہ لینے سے روک دیا ۔ غیر ملکی خبرر سا ں ادارے کے مطابق اسرائیل نے 2013 میں فلسطینی اولمپیئن نادر المصری کو بیت اللحم میں ہونے والی میراتھن ریس میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔ فلسطینی ایتھلیٹ نے اسرائیلی حکومت سے بیت اللحم میں ہونے والی میراتھن ریس میں شرکت کی اجازت مانگی تھی لیکن اسے ملٹری کورٹ نے مسترد کر دیا۔

(جاری ہے)

اس فیصلے کے خلا ف اس نے اسرائیلی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی،اسرائیلی ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ وہ ملٹری کورٹ کے فیصلے میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ اسرائیلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد 34 سالہ نادر المصری کے بیت اللحم میں ہونے والی ریس میں شرکت کے تمام امکانات ختم ہوگئے ہیں۔نادر المصری نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں امید تھی کہ وہ غزہ سے باہر ہونے والے مقابلوں میں شرکت کر سکیں گے لیکن اب ایسا ممکن نہیں ہے۔اسرائیل نے فلسطینی شہریوں کے غزہ سے باہر جانے کی پابندی عائد کر رکھی ہے اور اکا دکا لوگوں کو ہی غزہ سے باہر جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔