ایران صرف دوماہ میں جوہری بم تیار کرسکتا ہے‘امریکہ، تہرا ن کے پا س جوہری بم کی تیاری کے لیے درکار ایندھن پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔امریکی وزیرخارجہ جان کیری

جمعرات 10 اپریل 2014 06:52

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے کہاہے کہ ایران اگر جوہری بم بنانے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کے پاس دوماہ میں جوہری بم کی تیاری کے لیے درکار ایندھن پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق جان کیری نے سینیٹ کی ایک کمیٹی کے روبرو کہا کہ میرے خیال میں یہ آج علم عامہ ہے کہ ہم \'\'بریک آوٴٹ\'\' سے صرف دوماہ کے فاصلے پر ہیں۔

ایران اگر ایک جوہری ہتھیار بنانے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کے لیے درکار ایندھن (افزودہ یورینیم) کی تیاری میں اس کو صرف دوماہ لگیں گے\'\'۔جان کیری کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام میں پیش رفت کے حوالے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین آشٹن اور ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف ویانا میں جوہری تنازعے سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دینے کے سلسلہ میں بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس مجوزہ معاہدے کے تحت ایران یورینیم کی افزدوگی کی تمام سرگرمیوں کو محدود کردے گا اور اس کے بدلے میں اس پر عائد اقتصادی پابندیاں بتدریج نرم یا ختم کردی جائیں گی۔کیتھرین آشٹن ایران کے ساتھ مذاکرات میں چھے بڑی طاقتوں (امریکا،برطانیہ ،روس ،فرانس ،چین اور جرمنی) کی نمائندگی کررہی ہیں۔امریکا اور مغربی طاقتیں ایران کو جوہری بم کی تیاری سے باز رکھنا چاہتے ہیں اور وہ اس کے یورینیم کی افزودگی کے پروگرام کو اس انداز میں محدود کرنا چاہتے ہیں کہ اگر وہ جوہری بم بنانا چاہے تو اس کے لیے درکار ایندھن کی تیاری میں اس کو کم سے کم ایک سال کا وقت لگے۔

امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ فی الوقت ایران دوماہ کے عرصے میں ایک جوہری بم کے لیے درکار افزودہ یورینیم تیار کرسکتا ہے۔امریکا،اسرائیل اور ان کے مغربی اتحادی ایران کے بارے میں اس شک کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ وہ جوہری بم تیار کرنا چاہتے ہیں لیکن ایران کا یہ موقف رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پْرامن مقاصد کے لیے ہے۔واضح رہے کہ فریقین نے اب تک جوہری مذاکرات میں اپنے اپنے اس موقف کی وضاحت کے لیے ہی دلائل پیش کیے اور نکات اٹھائے ہیں۔

متعلقہ عنوان :