اتحادی و افغان فورسز کا مشترکہ آپریشن‘ بارڈر پولیس کیساتھ جھڑپ میں 44 طالبان ہلاک‘ درجنوں زخمی

جمعرات 10 اپریل 2014 06:54

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء) اتحادی و افغان سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن اور بارڈر پولیس کیساتھ جھڑپ میں 44 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اتحادی و افغان فورسز نے مختلف صوبوں میں جاری مشترکہ آپریشن میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کم از کم 35 طالبان کو ہلاک کیا ہے۔

آپریشن میں 6 طالبان زخمی اور 19 گرفتار بھی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی طالبان میں دو پاکستانی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاک افغان سرحدی افغان صوبہ وزیرستان میں بارڈر پولیس نے ایک جھڑپ کے دوران 9 طالبان کو ہلاک کیا ہے جن میں 4 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ صوبائی انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب پاکستانی اور افغان طالبان کے ایک گروپ نے ضلع خوگیانی میں قائم پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 9 طالبان کو ہلاک کردیا جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ کارروائی کے بعد کئی طالبان فرار ہوکر ڈیورنڈ لائن عبور کرگئے۔ 2 پاکستانیوں سمیت 6 طالبان زخمی بھی ہوئے۔

متعلقہ عنوان :