پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں فراہم کیچپ میں سے کاکروچ نکل آیا ،شازیہ مری ششدر رہ گئیں ، معاملہ سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کے علم میں لانے کیلئے کاکروچ والا کیچپ نمونے کے طور پر سپیکر کو ارسال کردیا

جمعرات 10 اپریل 2014 06:49

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء )پارلیمنٹ ہاؤس میں ارکان اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں فراہم کئے گئے کیچپ میں سے کاکروچ نکل آیا ۔جس پر پیپلز پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی شازیہ مری ششدر رہ گئیں اور یہ معاملہ سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کے علم میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کاکروچ والا کیچپ نمونے کے طور پر سپیکر اسمبلی کو ارسال کردیا ۔

بدھ کو پارلیمانی کیفے ٹیریا میں معروف ڈاکٹر نے سینڈوچ منگوانے کیلئے آرڈر دیا ان کی ٹیبل پر رکھے گئی ایک معروف کمپنی کی ٹماٹو کیچپ کی بوتل سے کاکروچ برآمد ہونے پر کیفے ٹیریا میں موجود پارلیمنٹرین اور صحافیوں نے شدید حیرت کا اظہار کیا اور یہ سارا معاملہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے نوٹس میں لایا گیا جنہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رکن اسمبلی ڈاکٹر شازیہ مری اور سینیٹر کریم ایس خواجہ کو ارکان اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں بھیجا شازیہ مری نے کہا کہ پارلیمنٹرین اور صحافیوں کے ہمراہ مذکورہ بوتل کا معائنہ کیا جس میں مرا ہوا کاکروچ برآمد ہوا پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹرین نے سٹاک میں موجود دیگر بوتلوں کا بھی معائنہ کیا اور اسے کمپنی یا کنٹریکٹر کی غفلت قرار دیا، انہوں نے مذکورہ بوتل ضبط کرلی اور چیئرمین سینٹ ، ڈپٹی چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کو بوتل بھجوادی جس کے ساتھ ایک خط لکھا گیا کہ پارلیمانی کیفے ٹیریا کی مانیٹرنگ ہونی چاہیے ،کنٹریکٹرز کو پابندکیاجائے کہ فوڈ سپلائی کو ہائی جین کے معیار کے مطابق رکھا جائے اور مذکورہ کمپنی سے وضاحت طلب کرنے کے ساتھ لیبارٹری ٹیسٹ کروایاجائے اور اس معاملے کو ایوان میں بھی اٹھایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

واضح ر ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا کا پہلا ٹھیکہ تندوری ریسٹورنٹ کو دیا گیا تھا جس کے بعد ختم کرکے پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفے ٹیریا کا ٹھیکہ ایک اور کمپنی کو دیا گیا اور کھانے کے معیارپر پارلیمنٹرین مختلف سوال اٹھاتے رہے ہیں ۔