وفاق نے خیبر پختونخوا حکومت کو 109.864ارب روپے فراہم کر دیئے

جمعرات 10 اپریل 2014 06:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء)صوبائی حکومت کے شدید احتجاج پر وفاق نے قومی مالیاتی ایوارڈ کے تحت خیبر پختونخوا حکومت کو 109.864ارب روپے فراہم کر دیئے ہیں ۔وزارت خزانہ کی جانب سے ا س ضمن میں صوبائی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ طے شدہ فارمولے کے تحت رواں مالی سال کے پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر کے تحت ادائیگی کر دی گئی ہے ۔ اور پہلی شمشاہی کے کوئی واجبات خیبر پختونخوا حکومت کے وفاق کے ذمے نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا حکومت کو پہلی ششماہی کے دوران این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل سے 109.864ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ خیبر پختونخوا حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کے پہلی شمشاہی میں بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی گئی تھی جس پر صوبائی حکومت نے شدید احتجاج کیا تھا ۔ اور صوبائی حکومت کے احتجاج کے بعد وفاق کی جانب سے ادائیگی کر دی گئی ہے تاہم بجلی کے خالص منافع کے بقایا جات کی تاحال ادائیگی نہیں کی گئی ہے ۔