پاکستان ہر طرح کے ایونٹس کیلئے محفوظ ملک ہے،یہاں آکر خیالات یکسر بدل گئے، غیر ملکی کھلاڑی، عالمی برادری پاکستان کو اس مشکل سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرے،یہاں کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا، یہاں کے لوگوں کو بھی ایونٹس دیکھنے کو ملنے چاہئے،پنجاب یوتھ فیسٹیول پنجاب حکومت کا احسن اقدام ہے، آسٹریلیا، نیپال، بھارت، جرمنی، امریکہ اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کا پریس کانفرنس میں اظہار خیال

جمعرات 10 اپریل 2014 06:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اپریل۔2014ء)پنجاب یوتھ انٹرنیشنل فیسٹیول فیز ون میں شریک مہمان ٹیمو ں کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں نے پاکستان آمد پر ہونے والے والہانہ استقبال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آکر ہمارے خیالات یکسر تبدیل ہوگئے ہیں پاکستان ہر طرح کے ایونٹس کیلئے محفوظ ملک ہے اور یہاں کے لوگ مزید بڑے ایونٹس دیکھنے کے حقدار ہیں۔

پنجاب سپورٹس بورڈ میں آسٹریلیا، نیپال، بھارت، جرمنی ، امریکہ سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں اور نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انڈین فسٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری پراگ وینکھڈے کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر ہمیشہ بہت اچھا لگا اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں .

یہاں آکر ہمارے خیالات یکسر تبدیل ہوگئے ہیں، پاکستانی بڑے مہمان نواز اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

ممبر برٹش امپائر طحہ قریشی نے کہا کہ پاکستان کے امیج کو بہتر کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے ،کھیلوں کے ذریعے ملک کے مثبت امیج کو پوری دنیا کے سامنے لایا جاسکتا ہے۔پنجاب یوتھ فیسٹیول حکومت پنجاب کی کئی ماہ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے عالمی ریکارڈز قائم کرنا معمولی بات نہیں ہمیں اس پر تنقید کی بجائے حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ ہونے کے باعث پاکستان مشکلات سے دوچار ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان کو اس مشکل سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انگلینڈ سے آئی ہوئی لینکاسٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹیم کے مینجرا یڈم چائلڈ نے کہا کہ ہم گزشتہ تین روز سے پاکستان میں ہیں، کھلاڑیوں نے یہاں کرکٹ اور ماحول کو خوب انجوائے کیا۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ پاکستان کا مقبول ترین کھیل ہے یہاں قیام کے دوران ہمیں نئے دوست بنانے کا موقع مل رہا ہے ۔لینکاسٹر ٹیم کے کپتان نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہاں آکر کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا یہاں کے نوجوانوں میں کھیل کا بے حد جنون ہے۔

انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلنے کو اپنی زندگی کا خوشگوار ترین لمحہ قرار دیا۔ آسٹریلین فسٹ بال فیڈریشن کے صدر رولف پیٹرسن کا کہنا تھا کہ لاہور میں قیام کے دوران ہر جگہ لوگوں نے پرتپاک استقبال کیا ہم نے یہاں رکشے پر بھی سفر کیا اور کسی موقع پر کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں سخت مقابلے کی توقع ہے کیونکہ پاکستانی کھلاڑی خاصے سخت جان ہیں۔

جرمن فسٹ بال فیڈریشن کے نمائندہ برن ہکی نے فسٹ بال دنیا میں تیزی سے مقبول ہونے والا کھیل ہے پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی آئندہ بھی یہاں انٹرنیشنل ایونٹس کا انعقاد کرانے میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال ارجنٹائن میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم شرکت کرکے نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ نیپال فسٹ بال ٹیم کے مینجر سنجیو واسپی نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ہمارے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ امریکہ سے آئے مکس مارشل آرٹس کے آفیشل زین العابدین نے کہا کہ حکومت پنجا ب کی جانب سے یوتھ فیسٹیول کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کا موقع ملے گا۔