کراچی‘گلشن اقبال میں فائرنگ‘(ن) لیگ لائرز فورم کا عہدیدار قتل،گلشن اقبال بلاک 7 میں چار مسلح ملزمان نے ان کی کار پر فائرنگ کی ، واقعہ کے بعد علاقے میں کشید گی دکانیں اور کاروبار بند‘چیف جسٹس سند ھ ہا ئیکو رٹ نے واقعہ کا نو ٹس لے لیا، آئی جی سے رپو رٹ طلب، وکلا ء کا عدالتی با ئیکا ٹ ، ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں 11 افراد جا ں بحق

جمعہ 11 اپریل 2014 06:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء)کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ سے ن لیگ لائرز فورم کے عہدیدار وقار شاہ جاں بحق ہوگئے۔شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں گز شتہ شب سے اب تک 11 افراد جان گنوا بیٹھے۔پولیس کے مطابق گلشن اقبال بلاک 7 میں چار مسلح ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوار مسلم لیگ( ن) لائرز فورم کے عہدیدار وقار شاہ جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشید گی پھیل گئی اور دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔ علا وہ ازیں چیف جسٹس سند ھ ہا ئیکو رٹ جسٹس مقبول باقرنے واقعہ کا نو ٹس لیتے ہو ئے آ ئی جی سندھ سے رپو رٹ طلب کر لی جبکہ وکلا ء نے بھی اس واقعہ کے خلا ف عدالتی با ئیکا ٹ کیا ادھر گزشتہ شب سے اب تک شہر میں فائرنگ کے واقعات میں 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کے علاقے گلستان جوہربلاک 15میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مدرسے کے3 طالب علم جاں بحق اوردو زخمی ہوئے۔

جاں بحق افرادکی شناخت حیات اللہ اورعلی احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے کاروبار اور دکانیں بند کرادیں۔ ترجمان اہل سنت والجماعت کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد اہل سنت والجماعت کے ہمدرد تھے۔ اس سے قبل نامعلوم مسلح افراد نے گلستان جوہر کے علاقے بلاک 16 میں نجی اسپتال کے قریب گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے ڈاکٹر حیدر رضا نامی شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

مقتول ڈاکٹر حیدر رضا نجی اسپتال میں سرجن تھے۔ دوسری جانب شاہ فیصل کالونی نمبرچارمیں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت عمر فاروقی کے نام سے ہوئی ہے۔ لیاری کے علاقے کھڈا میمن مارکیٹ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ سول اسپتال کے قریب ٹمبرمارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ مقتول کی شناخت اقبال شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ نشتر روڈ پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پرانا حاجی کیمپ اور منگھوپیر پختون آباد میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے