پی ٹی آئی رکن اسمبلی غیر قانونی کنکشن کاٹنے اور کنڈے ہٹانے پر مجھے اور دیگر پیسکو حکام کو دھمکیاں اور ہتک آمیز کلمات سے نوازتے رہے ،عابد شیر علی،فضل الٰہی کی دھمکیوں پر مبنی وڈیو عمران خان کو بھجوائی جائے گی تاکہ وہ اپنے اراکین پارلیمان کے اصلی چہرے دیکھ لیں،وزیر مملکت پانی و بجلی

جمعہ 11 اپریل 2014 06:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء)وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فضل الٰہی کی ویڈیو کہ جس میں وہ پشاور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی کے غیر قانونی کنکشن کاٹنے اور کنڈے ہٹانے پر وزیرمملکت اور دیگر پیسکو حکام کو دھمکیاں دیتے ہوئے ہتک آمیز کلمات سے نواز تے رہے ،کو چےئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بھجوایا جائے گا تاکہ وہ اپنے اراکین پارلیمان کے اصلی چہرے دیکھ لیں۔

گزشتہ روز وزارت پانی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزارت نے حالیہ واقعہ کی ویڈیو حاصل کرلی ہے جس میں بجلی کے غیر قانونی کنکشن کاٹنے اور کنڈے ہٹائے جانے کے دوران پاکستا ن تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الٰہی نے نہ صرف وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی اور دیگر پیسکو حکام کو انتہائی ہتک آمیز کلمات سے نوازا بلکہ عوامی موجودگی میں ان کی شدید بے عزتی بھی کی اور دھمکیاں دیں

۔

(جاری ہے)

ویڈیو کی ایک نقل وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی کو بھی فراہم کردی گئی ہے جس میں خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی قرآنی آیات پڑھ کر ان کی قسم کھا رہے ہیں کہ اگر کسی نے بجلی چوری کے کنڈے اتارنے کی کوشش کی تو وہ اس کو قتل کردیں گے۔اس موقع پر انہوں نے مقامی پولیس ایس ایچ او کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اس کو بھی دھمکیاں دیں کہ اگر اس نے بجلی چوروں کو گرفتار کیا اور اگر وہ اس کو قتل نہ کرسکے تو اس کو اپنا باپ تسلیم کرلیں گے۔

وزیرمملکت برائے پانی وبجلی نے مذکورہ ویڈیو کو میڈیا کے نمائندوں میں تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی ایک نقل چےئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو بھی بھجوائیں گے کہ وہ بھی اپنے اراکین پارلیمان کے اصلی چہرے دیکھ لیں۔تاہم دوسری جانب وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی نے خیبرپختونخوا کے ہی ایک دوسرے رکن صوبائی اسمبلی خیال زمان اورکزئی کو سراہا جنہوں نے ان سے وزارت پانی وبجلی میں ملاقات کے دوران اس بات کی مکمل یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ضلع ہنگو کے عوام بجلی چوری کے غیر قانونی کنڈے ہٹا کر بجلی کے میٹروں کی تنصیب کریں گے۔

اس ضمن میں پیسکو کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ پیر تک نہ صرف بجلی کے میٹروں کی فراہمی یقینی بنائیں بلکہ جنگی بنیادوں پر ان کی جلد از جلد تنصیب کا عمل مکمل کریں۔اس حوالے سے پیر کے روز ایک جرگہ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں قابل وصولی رقوم کی اقساط میں ادائیگی پر بات چیت کی جائے گی۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی وبجلی نے اس اقدام کو نہایت مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے دیگر اراکین پارلیمان سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں صارفین کو بجلی چوری کے کنڈے اتارنے بجلی کے میٹروں کی تنصیب کرنے اور حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر قائل کریں تاکہ بجلی کی کمی اور لوڈشیڈنگ جیسے بڑے اور طویل المدتی مسائل پر قابو پایا جاسکے۔