کراچی اسٹاک مارکیٹ نے میں زبردست تیزی کا رجحان، کے ایس ای100انڈیکس 29 ہزارپوائنٹ کی تاریخی سطح کوعبور کر گیا ، کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور شاندار ریکارڈ قائم کر دیا،کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے سبب کراچی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مجموعی سرمائے کا حجم70کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ، کاروباری لین دین بدھ کی نسبت5کروڑ شئیرز زائد رہا

جمعہ 11 اپریل 2014 06:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ نے جمعرات کے روز زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 29 ہزارپوائنٹ کی تاریخی سطح کوعبور کر گیا اس طرح کراچی اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور شاندار ریکارڈ قائم کر دیا،کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے سبب کراچی اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مجموعی سرمائے کا حجم70کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ کاروباری لین دین بدھ کی نسبت5کروڑ شئیرز زائد رہا ۔

یورو بانڈ کے اجراء کے موقع پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ،ملکی معاشی اظہاریوں میں بہتری اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہونے سمیت مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کے متوقع مثبت نتائج کے توقعات پر جمعرا ت کو کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا ،جس کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس تاریخ میں پہلی بار29 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیاب ہوا۔

(جاری ہے)

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 29276پوائنٹ کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا ۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے سیشن میں سب سے زیادہ کام کمرشل بینکوں، کیمیکل، سیمنٹ اور آئل سیکڑ میں ہوا۔ مارکیٹ سے وابستہ افراد کا کہناہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی وجہ سے مارکیٹ نئی سطح کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے گی۔

جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس بیک وقت29000،29100اور29200پوائنٹ کی 3نفسیاتی حدوں کو عبور کرتا ہوا29250.54پوائنٹ پر بند ہوا اس طرح ے ایس ای100انڈیکس میں309.53پوائنٹ کا اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس میں187.68پوائنٹ کا اضافہ ہوا اور 30انڈیکس20382.96پوائنٹ سے بڑھ کر20570.64پوائنٹ جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 21646.56پوائنٹ سے بڑھ کر21839.62پوائنٹ پر جا پہنچا ۔

بازار حصص کی سرگرمیوں میں تیزی کے باعث جمعرات کو35کروڑ3لاکھ67ہزار حصص کا لین دین ہوا جبکہ بدھ کے روز 30کروڑ94لاکھ75ہزار حصص کا کاروبار ہوا تھا ۔ کاروباری سرگرمیاں بڑھنے سے مارکیٹ کے سرمائے میں 61ارب30کروڑ22لاکھ57ہزار سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 69کھرب68ارب34کروڑ9لاکھ76ہزار260روپے سے بڑھ کر70کھرب29ارب64کروڑ32لاکھ 33ہزار286روپے ہو گیا ۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو387کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے193کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 167میں کمی اور27کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے لافارج پاکستان لمیٹڈ 5کروڑ97ٓٓلاکھ ،پاک الیکٹرون 2کروڑ9لاکھ ،پیس پاک لمیٹڈ1کروڑ59لاکھ ،نیشنل بینک 1کروڑ29لاکھ80ہزار اور جہانگیر صدیق کمپنی1کروڑ29لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے باٹا پاکستان کے بھاؤ میں68.87روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاؤ میں 60روپے کا اضافہ جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ میں 150روپے اور اسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 47.50روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔