دبئی : آئی سی سی کا دو رزہ اجلاس ختم ، بگ تھری کا معاملہ تعطل کا شکار ، پیش رفت نہ ہوسکی ، حتمی منظوری کیلئے آئندہ میلبورن میں ہونے والے اجلاس میں مکمل مسودے کے ساتھ پیش کیا جائے گا ، آئی سی سی قوانین میں ترمیم کیلئے حتمی ڈرافٹ کی تیاری پر اتفاق ہوگیا ہے ،ٹی 20ورلڈ کپ 2016ء پاکستان میزبانی سے پھر محرو م، میزبانی بھارت کو دیدی گئی ، ایسوسی ایٹ ملکوں کیلئے ٹیسٹ کے دروازے بھی کھول دیئے گئے

جمعہ 11 اپریل 2014 06:01

دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء ) دبئی میں جاری آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا دو روزہ اجلاس ختم ، بگ تھری کے معاملے پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ، تعطل کا شکار ہوگیا ، آئندہ اجلاس 16جون کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہوگا جہاں بگ تھری کے حوالے سے مکمل مسودہ پیش کرکے منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ، آئندہ ورلڈ کپ ٹی 20پاکستان میزبانی سے پھر محروم ، بھارت کو میزبانی دے دی گئی میں ہوگا ۔

آئی سی سی ترجمان کے مطابق بورڈ میں بگ تھری کی منظوری کیلئے ضروری ترامیم اور مسودہ کی سفارشات پیش کی گئی جس پر مکمل اتفاق نہ ہوسکا مگر اس بات پر اتفاق ہوگیا کہ ہے کہ بگ تھری کا مسودہ آئندہ میلبورن میں ہونے والے اجلاس میں ضروری ترامیم اور مکمل سفارشات کے ساتھ منظوری کیلئے پیش کردیا جائے گا جس کیلئے ضروری قوانین کے ڈرافٹ پر اتفاق ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئندہ ورلڈ ٹی 20ورلڈ کپ بھارت میں کرانے کے فیصلہ کی حتمی منظوری دیدی گئی ہے جو 2016ء میں ہوگا ۔ ایسوسی ایٹ کرکٹ ٹیموں کے حوالے سے آئی سی سی نے مثبت پیش رفت کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ ملکوں کی حالیہ آئی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس پر ٹیسٹ کیلئے دروازے بھی کھول دیئے ہیں ۔ آئی سی سی کے فیوچرز ٹورز 2023ء کے مسودے کی حتمی منظوری جولائی میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں دے دی جائے گی جس میں آئی سی سی ٹیموں کے آپس میں دوطرفہ سیریز مختلف ایونٹس کے بارے میں حتمی منظوری دی جائے گی ۔