پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول: پاکستان اور بھارت فسٹ بال کے فائنل میں پہنچ گئے،پاکستان نے ایشیئن فسٹ بال چیمپئن شپ کے پہلے روزآسٹریلیا ،اور نیپال کو ،دوسری جانب بھارت نے آسٹریلیا اور نیپال کو شکست دے دی

جمعہ 11 اپریل 2014 06:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء)پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے فیزون میں پاکستان اور بھارت نے پہلی ایشیئن فسٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ۔یونیورسٹی آف لاہور میں ہونے والی پہلی ایشیئن فسٹ بال چیمپئن شپ کے افتتاحی روز چار میچ کھیلے گئے۔ چیمپین شپ کے سلسلہ میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو3-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

قومی ٹیم نے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں بآسانی کامیابی حاصل کی ۔ عمر ریاض، مجدد اعوان اور نذر عباس نے ایک ایک سکور کیا۔ دوسرے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ بھارتی ٹیم میچ کے دوران کھیل پر مکمل طور پر حاوی رہی اور حریف ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

(جاری ہے)

تیسرے میچ میں بھارت نے نیپال کو بھی یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0سے ہرایا،جمعرات کوکھیلے گئے چوتھے اور آخری میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 3-2 سے ہرا دیا۔

میچ میں میزبان ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی آسٹریلین ٹیم کو ٹف ٹائم دیا اور کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ چیمپئن شپ میں11اپریل کو دو میچ کھیلے جائیں گے ۔پہلے میچ میں نیپال اور آسٹریلیاتیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے مدمقابل ہونگی جبکہ فائنل میچ روایتی حریفوں بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے جو جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کریں گے۔