اسلام آباد، سانحہ سبزی منڈی سے متعلق پولیس کی تمام ابتدائی رپورٹس مسترد ،تین روز گزرنے کے باوجود وفاقی پولیس کو سبزی منڈی کی تحقیقات میں پسپائی کا سامنا ،وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی طے شدہ پریس کانفرنس عین موقع پر ملتوی

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:58

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء) سانحہ سبزی منڈی سے متعلق پولیس کی تمام ابتدائی رپورٹس مسترد کر دی گئیں،تین روز گزرنے کے باوجود وفاقی پولیس سبزی منڈی کی تحقیقات میں پسپائی کا سامنا رہا جس کے باعث وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی ایک روز پہلے سے طے شدہ پریس کانفرنس عین موقع پر ملتوی کر دی گئی۔اے آئی جی آپریشن سمیت آپریشنل زون کی پولیس سانحہ اسلام آباد کچہری کے بعد سبزی منڈی دھماکے کے واقعہ میں بھی پیشہ ورانہ طور پر ابھی تک ہر لحاظ سے ناکام ثابت ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سبزی منڈی بم دھماکے کو تین روز گزرنے کے باوجود وفاقی پولیس کو ابھی تک واقعہ کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی قابل ذکر کامیابی نہیں ہوئی۔مصدقہ ذرائع کے مطابق سانحہ سبزی منڈی پولیس کے حوالے سے وفاقی پولیس کی جانب سے ابھی تک پیش کی گئیں ابتدائی رپورٹس کو وزارت داخلہ نے مسترد کر دیا ہے اور پولیس کو جلد از جلد اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھا کر شفاف تحقیقات کے ذریعے ملوث کرداروں کو بے نقاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اس حوالے سے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ وفاقی پولیس کی ناقص کاکردگی اور سبزی منڈی بم دھماکے سے متعلق تحقیقات میں ناکامی کے باعث وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی کی جمعہ کی شام پہلے سے طے شدہ پریس کانفرنس بھی عین موقع پر ملتوی کرنی پڑی۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے اس حوالے سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث کرداروں کو جلد از جلد بے نقاب کر کے تحقیقات سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔

دوسری جانب وفاقی پولیس بھی ایک ماہ اور 06روز کے دوران وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی تباہی کے دوبڑے واقعات کے بوجھ تلے دبی ہوئی اور کنفیوز نظر آ رہی ہے۔ذرائع کے مطابق اے آی جی آپریشن سلطان اعظم تیموری سمیت آپریشنل پولیس کو دونوں واقعات سے متعلق تحقیقات میں ابھی تک بارہا کوششوں کے باوجود کامیابی نہیں ملی جس کے باعث اے آئی جی آپریشن کی جگہ مستقل ایس ایس پی آپریشن کی تعیناتی کی فوری تعیناتی کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :