قانونی طور پر اب بھی نریندر مودی کی بیوی ہیں، یشودھا بن ،17 سال کی تھی تو بی جے پی کے رہنما سے شادی ہوئی تین سال بعد علیحدگی ہوگئی تھی،بھارتی اخبار کو انٹرویو

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:48

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء)بھارت کی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی بیوی یشودھا بن نے کہا ہے کہ وہ قانونی طور پر اب بھی مودی کی بیوی ہیں۔ جب وہ 17 سال کی تھیں تو بی جے پی کے رہنما سے ان کی شادی ہوئی اور تین سال بعد علیحدگی ہوگئی تھی۔بھارتی اخبار کو ویب سائٹ پر انٹرویو میں یشودھا بن نے بتایا کہ وہ ریٹائرڈ اسکول ٹیچر ہیں۔

انہیں ماہانہ چودہ ہزار روپے پنشن ملتی ہے۔ وہ اپنے بھائی کے ساتھ رہتی ہیں اور زیادہ وقت عبادت میں گذارتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد انہوں نے اور نریندری مودی نے تین سال کے عرصے میں جتنا وقت ایک ساتھ گذارا وہ مجموعی طور پر تین ماہ کا عرصہ بنتا ہے۔ مودی کے ساتھ ان کا کبھی جھگڑا نہیں ہوا تھا۔ معقول شرائط پر علیحدگی ہوئی جس کے بعد ان کے درمیان آج تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

اس سوال پر کہ اگر نریندر مودی نے وزیراعظم بننے کے بعد انہیں فون کیا اور اپنے ساتھ نئی دہلی لے جانا چاہا تو کیا وہ جائیں گی ؟ اس پر یشودھا بن کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں مودی انہیں کبھی فون نہیں کریں گے اور وہ کبھی نہیں چاہیں گی کہ مودی کو نقصان پہنچے۔ ایک اور سوال پر یشودھا نے کہا کہ مودی کے پاس ان کے لیے وقت نہیں تھا۔ علیحدگی کا فیصلہ ان کا اپنا تھا اور ان کے درمیان کوئی تنازع نہیں تھا۔