غیرملکی ٹیمز کی آمد دنیا کیلئے واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے حالات بدل چکے،گینز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم کے جواب نے عالمی ریکارڈ زکے ناقدین کے منہ بند کردئیے ،سپورٹس فنڈ سے میری ذات کو نہیں نوجوانوں کو فائدہ پہنچا، پنجاب حکومت کھیلوں کے لیے خیبر پختونخواہ حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے، حمزہ شہباز، ثابت ہوگیا پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے، صوبائی وزیر کھیل رانامشہوداحمد خان،پاکستان آکر کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا، یہاں کے لوگوں نے جو محبت دی وہ ہمیشہ یاد رہے گی، غیرملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا سپورٹس بورڈ پنجاب کے عشائیہ سے خطاب

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول فیز ون میں شرکت کرنیوالی غیر ملکی ٹیموں اور آفیشلزکے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دئیے گئے عشائیے کے مہمان خصوصی سپورٹس بورڈپنجاب کی سٹرینگ کمیٹی کے چیئرمین میاں حمزہ شہبار شریف تھے جبکہ عشائیے کے میزبانی کے فرائض ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انورنے انجام دئیے۔

عشائیے میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، آسٹریلوی ہائی کمشنر برائے تجارت جنوبی ایشیا نکولا، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک ، محمد حفیظ ، انتخاب عالم ، گلوکار وارث بیگ سمیت آسٹریلیا ، بھارت، نیپال اورپاکستان کی فسٹ بال ٹیمز، انگلینڈ کی لنکاسٹر یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم ، امریکہ اور افغانستان کی مارشل آرٹ ٹیمزسمیت خیبر پختونخواہ کے طلبہ کے وفد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں حمزہ شہباز شریف نے غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے اور یوتھ فیسٹیول میں شرکت کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے خوش آمدید کہا۔حمزہ شہباز نے کہاکہ انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے پہلے مرحلے میں امریکہ ، آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت جیسے ممالک کی ٹیمز کی شرکت دنیا کیلئے واضح پیغام ہے پاکستان کے حالات بدل چکے ہیں اور یہاں غیرملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ گینز ریکارڈ کی ٹیم کے جواب نے عالمی ریکارڈ کے ناقدین کے منہ بند کردئیے ،پنجاب یوتھ فیسٹیول کو پنجاب کے ساتھ ساتھ پورے ملک تک پھیلایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کھیلوں کے مقابلوں کے لیے خیبر پختونخواہ حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ تین برسوں میں سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ2 ارب سے بڑھا کر 10ارب تک لے جایا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ فیسٹیول کیلئے فنڈ مختص کرنے کا اُن کی ذات کو کوئی فائدہ نہیں یہ صرف اور صرف ملک کے نوجوانوں کے فائدے کیلئے ہے تاکہ پاکستانی نوجوان ہرشعبے میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر بین الاقومی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔ تقریب میں حمزہ شہباز شریف نے مہمان کھلاڑیوں اور آفیشلز میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے یوتھ فیسٹیول کے بعد انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول میں غیرملکی ٹیموں کی شرکت سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غیرملکی ٹیمز کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب حکومت کے مشکور ہیں کہ انہیں دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فیسٹیول کا حصہ بنایا جبکہ پاکستان میں غیرملکی ٹیمز کی سکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے یہاں آکر ہمیں کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا، یہاں کے لوگوں نے جو محبت دی وہ ہمیں ہمیشہ یاد رہے گی۔