کراچی،آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس،امن وامان کی صورت حال پر تبادلہ خیال، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشنز کے سلسلے میں پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

اتوار 13 اپریل 2014 05:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اپریل۔2014ء) آئی جی سندھ اقبال محمود نے سینٹرل پولیس آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کراچی سمیت صوبے کے مجموعی امن وامان کی صورتحال اور بالخصوص کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشنز کے سلسلے میں پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا۔ آئی جی سندھ نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین موثر اور مربوط روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایکٹیو پولیسنگ کے تحت انٹیلی جینس اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی ہر اطلاع پر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے ضمن میں حکمت عملی کے تحت غیر معمولی اقدامات اختیار کئے جائیں، کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشنز پولیس کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے مقدمات کی تفتیش کو جدید خطوط پر کی جائے اور فارنیسنگ سائنس سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے تاکہ مقدمات اپنے منطقی انجام تک پہنچیں۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے پولیس کے اسپیشلائزڈ سیل بشمول SIU، ACLC، AVCC وغیرہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ پولیس کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے اغوا برائے تاوان اور بھتہ کے واقعات، گاڑیوں کا چھینا/ چوری ہونا اور دیگر کرائمز کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں موجود ممکنہ کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت اور لاپروائی ناقابل برداشت ہوگی۔ اجلاس میں آئی جی سندھ نے کراچی میں ٹریفک کے نظام اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ڈی آئی جی ٹریفک کراچی عارف حنیف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے متعلقہ اداروں سے مربوط اور موثر روابط کو یقینی بنائیں اور سڑکوں شاہراہوں پر تعینات ٹریفک پولیس کے افسران واہلکاروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے نظام کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کرائم سائیں رکھیو میرانی، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک غلام قادر تھیبو، ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر مشتاق مہر، ڈی آئی جی فنانس (ر) کیپٹن طاہر نوید، ڈی آئی جی ٹریفک عارف حنیف، ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان علی خواجہ، کراچی پولیس کے تینوں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی TET آصف اعجاز شیخ، AIG آپریشنز سندھ نعیم شیخ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :