اسلام آباد ، پنجاب، چھ گھنٹے سی این جی سٹیشن کھلنے کے باوجود صارفین کو مشکلات کا سامنا ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ و گیس پریشر میں کمی کے باعث گھنٹوں انتظار کے بعد بھی سی این جی کا حصول مزید مشکل ہو گیا ، ہفتے میں 2روز کی بجائے روزانہ چھ گھنٹے فراہمی سی این جی ایسوسی ایشن کا مطالبہ تھا ،اس کے نتیجے کے ذمہ دار بھی وہ خود ہیں‘سوئی گیس حکام

اتوار 13 اپریل 2014 05:10

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اپریل۔2014ء)وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں روزانہ چھ گھنٹے سی این جی اسٹیشنز کھلنے کے باوجود صارفین کوانتہائی مشکلات کا سامنا ہے ، بجلی لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے سبب لمبی لمبی قطاروں میں گھنٹوں انتظار کے بعد بھی سی این جی کا حصول مزید مشکل ہو گیا ہے۔سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ چھ گھنٹے فراہمی سی این جی ایسوسی ایشن کا مطالبہ تھا ،اور اب اس کے نتیجے کے ذمہ دار بھی وہ خود ہے۔

(جاری ہے)

سی این جی ایسوسی ایشن کے مطالبے پر روزانہ چھ گھنٹے کیلئے سی این جی اسٹیشنز تو کھل گئے، لیکن گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔شہر کے ہرسی این جی اسٹیشن پر گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں کی لمبی لمبی قطاوں کے باعث کئی کئی گھنٹے انتظار یا پھر مارے مارے پھرنے کے بعد سی این جی نصیب ہوتی ہے جبکہ کئی صارفین طویل انتظار کے بعد، وقت ختم ہوجانے پر گیس سے محروم رہتے ہیں۔ شہریوں نے سی این جی اسٹیشنز پر پریشر پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت ہے اور اسٹیشنز پریشر کم رہے گا۔ ہفتے میں دو روز گیس کی فراہمی درست اقدام تھا، روزانہ چھ گھنٹے سی این جی کی تجویز ایسوسی ایشن نے خود دی اب ا س کا نتیجہ بھی بھگتے۔