وزیراعلیٰ شہباز شریف اور صدر ممنون حسین کے درمیان ملاقات ، ملکی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور دورہ چین پر تبادلہ خیال،معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ سے اگلے ماہ مرحلہ وار بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوگا : شہباز شریف،توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں، حکومت عوام کی توقعات پر ہر قیمت پر پورا اترے گی، وزیراعلیٰ کی صدر سے گفتگو، شہباز شریف دن رات عوام کی خدمت کر رہے ہیں، صدر مملکت:وزیراعلیٰ نے اپنے عزم اور ہمت سے کئی منصوبے مکمل کئے:گورنر

پیر 14 اپریل 2014 06:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور صدر مملکت سید ممنون حسین کے درمیان آج یہاں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر گورنر پنجا ب چوہدری محمد سرور، صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثنااللہ، ایم پی اے سید زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی صورتحال، پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور حالیہ دورہ چین پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران کے حل کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات کر رہی ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ پرچین کے تعاون سے دن رات کام جاری ہے۔ ندی پور پاور پراجیکٹ مئی سے بجلی کی مرحلہ وار پیداوار کا آغاز کر دے گا جس سے ابتدائی طور پر 100 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے سرکاری سطح پر پاکستان میں پہلی بار سولر پاور پراجیکٹ لگانے کیلئے بھی کام کا آغاز کر دیا ہے اور قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں لگنے والے منصوبے سے رواں برس کے آخر تک 100 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حالیہ دورہ چین کے دوران چینی کمپنیوں کے ساتھ ساہیوال میں کول پاور پلانٹس لگانے کے معاہدے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

چینی کمپنیاں 1320 میگاواٹ کے کول پاور پلانٹس پر مئی میں کام کا آغاز کر یں گی۔ دورہ چین کے دوران کول پاور پلانٹس کے منصوبوں کیلئے چینی کمپنیوں کے تعاون کے حصول میں کامیابی اہم پیش رفت ہے۔ کول پاور پلانٹس کے منصوبے کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے گا اور یہ منصوبہ بجلی کے اندھیرے دور کرنے کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں جدید انفراسٹرکچر کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

چین کی حکومت نے لاہور میں اورنج لائن کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ اس منصوبے کی ابتدائی تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ کی شاندار کامیابی کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے پر برق رفتاری سے تعمیراتی کام جاری ہے اور یہ منصوبہ 10 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بروقت اور ٹھوس اقدامات کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی توقعات پر ہر قیمت پر پورا اترے گی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے اہم پیش رفت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے بیرونی دوروں کا کلیدی مقصد توانائی بحران کا خاتمہ ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف دن رات عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور شہباز شریف کی منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کرانے کی صلاحیتوں کا چین سمیت بین الاقوامی سطح پر بھی اعتراف کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنی محنت، ہمت اور عزم سے صوبے کے عوام کیلئے بے شمار فلاحی منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے ہیں اور وزیراعلیٰ نے عوام کی بے لوث خدمت کو اوڑھنا بچھونا بنایا ہے۔ ملاقات کے بعد صدر مملکت ممنون حسین اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صدر مملکت کو ائیرپورٹ پر رخصت کیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔