جاپان میں برڈفلو کی تصدیق ،ایک لاکھ بارہ ہزار مرغیاں تلف کرنے کا حکم

پیر 14 اپریل 2014 06:37

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء)جاپانی حکام نے گزشتہ روز اس امر کی تصدیق کرنے کے بعد کہ جنوب میں ایک پولٹری فارم میں برڈ فلو انفیکشن پایا گیا ہے،قریباً ایک لاکھ بارہ ہزار مرغیاں تلف کرنے کا حکم دیا ہے۔وزارت زراعت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی این اے ٹسٹ سے کومامٹو علاقے کے ایک فارم میں جہاں چھپن ہزار پرندے رکھے ہوئے ہیں۔

ایچ فائیو وائرس کی علامات کی تصدیق ہوگئی ہے،فارم کے مالک نے گزشتہ روز اطلاع دی تھی کہ اس کے فارم میں موجود مرغیوں میں سے تعداد اچانک ہلاک ہوگئی ہیں۔وزارت نے کہا کہ حکام نے اس مالک کے ایک اور فارم میں اس کو ممکنہ انفیکشن لاحق ہونے کا مقام قرار دینے کے بعد مزید چھپن ہزار مرغیاں تلف کرنے کا حکم دیا۔گزشتہ تین برسوں میں یہ جاپان میں برڈفلو کی وباء پھوٹنے کی پہلی تصدیق ہے،تاہم وزارت کاشتکاروں کو خبردار کرتی رہی ہے کہ انفیکشن کا خطرہ لاحق ہے،ایسا ہمسایہ ملک جنوبی کوریا سمیت ایشیاء میں اس وباء کے مسلسل پھیلاؤ کے حوالے سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی حکام نے گزشتہ روز ان دونوں متاثرہ فارموں کے علاوہ ان کے نواح کے فارموں سے مرغیوں کی نقل وحمل پر پابندی عائد کردی ہے۔حکام ان دونوں فارموں کے گردونواح کے علاقوں میں چھڑکاؤ اور دوسرے فارموں کی مرغیوں کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔حکام وائرس کے مزید پھیلنے کی روک تھام کے پیش نظر متاثر فارموں کے آس پاس کی سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کو جراثیم سے پاک کرنے کے علاقے مختص کر رہے ہیں۔

حکومت تازہ ترین انفیکشن کی وجوہ معلوم کرنے اور ضروری اقدامات کرنے میں مقامی حکام کی مدد کیلئے ماہرین اور حکام کی ٹیمیں بھیج رہی ہے۔چیف کیبنٹ سیکرٹری یوشی ہائیڈ سوگا نے وزیرزراعت یوشی ماسا ہیاشی سمیت منتخب وزراء کے ساتھ وباء بارے تبادلہ خیال کرنے کیلئے ملاقات کی ہے۔سوگا نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت بڑے پیمانے پر انفیکشن کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔