موسم گرما کی آمد، حکومت کی جانب سے بجلی بحران پر قابو پانے کے دعوؤں کی قلعی کھلنا شروع ،بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 2000 میگا واٹ سے تجاوز کر گیا، آنیوالے دنوں میں مزید اضافہ متوقع ، آئیسکو ریجن میں میں 6-8 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ متوقع ، صورتحال سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لوڈمنیجمنٹ کا نیا شیڈول جاری کر دیا

پیر 14 اپریل 2014 06:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء) موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے حوالے سے لئے گئے دعوؤں کی قلعی کھلنا شروع ہو گئی ہے اور بجلی کی طلب اور رسد میں فرق بڑھنا شروع ہو گیا ہے، بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 2000 میگا واٹ سے تجاوز کر چکا ہے جس میں آئندہ آنے والے دنوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث آئیسکو ریجن میں آنے والے دنوں میں 6-8 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ متوقع ہے، صورتحال سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لوڈمنیجمنٹ کا نیا شیڈول جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی اعلی حکومتی حکام اور وزراء کی جانب سے سب اچھا ہے کی رٹ اور حکومت کی جانب سے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے حوالے سے لئے گئے دعوؤں کی قلعی کھلنا شروع ہو گئی ہے، ابھی موسم گرما کی پوری طرح آمد بھی نہیں ہوئی اور بجلی کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے جس کی بنیادی وجہ بجلی کی طلب اور رسد میں دن بدن بڑہنے والا فرق ہے۔

(جاری ہے)

جوں جوں موسم گرما شدت اختیار کر رہا ہے دریاؤں میں پانی کی موجودہ سطح میں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے، آنے والے دنوں میں ملک کے تمام دریاؤں میں پانی کی سطح مزید کم ہونے کا اندیشہ ہے جس کی باعث ملک بھر میں بجلی کی عارضی بندش یعنی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو سکتا ہے جس کا براہ راست اثر صارفین پر ہی پڑے گا جو کہ پہلے ہی بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں سے پریشان ہیں۔

فی الوقت ملک بھی میں بجلی کی طلب اور رس میں موجود فرق 2000 میگا واٹ سے تجاوز کر چکا ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔مستقبل میں آنے والی صورتحال اور، بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے آئیسکو ریجن میں آنے والے دنوں میں 6-8 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ متوقع ہے، آئیسکو ریجن میں اسلام آباد،راولپنڈی اور گردو نواح کے علاقے، اٹک، چکوال اور ضہلم شامل ہیں جہاں 6-8 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ متوقع ہے۔

اس ساری صورتحال کے پیش نظر ر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے لوڈمنیجمنٹ کا نیا شیڈول جاری کر دیا تا کہ صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے لوڈشیڈنگ کی صورتحال سے بھی مناسب طور پر نمٹا جا سکے۔وزارت پانی و بجلی کی ہدایت پر اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی( آئیسکو) نے جولوڈمنیجمنٹ کا نیا شیڈول جاری کیا ہے اس کے تحت مختلف فیڈرز پر اوسطا چھ سے آٹھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جائیگی ، آئیسکو کے مطابق ارسا کی جانب سے پانی کی مانگ میں کمی اور موسم گرما کے شروع ہونے کے باعث بجلی کی طلب اور رسد میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے اور ان وجوہات کی بنیاد پر 14 اپریل 2014ء سے لوڈ مینجمنٹ کے شیڈول میں ردوبدل ناگزیر ہو گیا ہے جس کے مطابق وزارت پانی و بجلی کی ہدایت پر آج(بروز پیر) سے الاٹ شدہ کوٹہ کے مطابق آئیسکو کے دائرہ حدود میں واقع مختلف فیڈرز پرروزانہ اوسطاً 6 سے 8گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کے تحت بجلی بند کی جائے گی،آئیسکو نے لوڈ مینجمنٹ کے تحت بند ہونے والے تمام فیڈروں کا شیڈول اپنی ویب سائٹ پربھی جاری کر دیا ہے جبکہ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو اپنے متعلقہ علاقے کے ایس ڈی او، شکایات دفاتر، کسٹمر کئیر سنٹر اور کال سنٹر کی ہیلپ لائن(118) سے بھی لوڈ مینجمنٹ کے شیڈول کے بارے میں معلومات حا صل کر سکتے ہیں۔

آئیسکو نے اپنے صارفین سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ وہ بلخصوص پیک آورز( شام 7تا رات 11 بجے) کے درمیان بجلی کے بے جا اسراف سے اجتناب کرتے ہوئے بجلی کا کم سے کم استعمال یقینی بنائیں۔