کراچی‘ فائرنگ کے مختلف واقعات میں اہل سنت و الجماعت کے مقامی عہدیدارسمیت 5افراد قتل، 4زخمی ،گلستان جوہر مدھو گوٹھ سے 25مشتبہ افراد زیر حراست

منگل 15 اپریل 2014 06:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء)کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں اہل سنت و الجماعت کے مقامی عہدیدار اور پولیس قومی رضاکار سمیت 5 افراد قتل جبکہ 4 زخمی ہوگئے ہیں جبکہ گلستان جو ہر کے علاقے مدھو گوٹھ میں پولیسنے سرچ آپریشن کے دورا ن 25 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ،تفصیلا ت کے مطا بق ڈرگ روڈ کے قریب کینٹ بازار میں واقع مٹھائی کی دکان پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس سے دکان میں موجود تین افراد زخمی ہوگئے،، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، مقتولین کی شناخت امجد، سلیم اور شاہد کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان اہل سنت و الجماعت کے مطابق امجد ان کے قانونی مشیر تھے۔ ایف بی ایریا کے علاقے دستگیر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ سرجانی ٹاوٴن کے علاقے سیکٹر 51 بی میں ہوٹل پر فائرنگ سے پولیس قومی رضاکار ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

اسٹیل ٹاوٴن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، اورنگی ٹاوٴن کے علاقے قصبہ کالونی میں گھر کے باہر بیٹھے ہوئے بھائی عبدالسعید اور اخلاق احمد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے، جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا، کلفٹن میں پنجاب چورنگی کے قریب فائرنگ سے حیات علی نامی شخص زخمی ہوگیا۔

ادھر گلستان جو ہر کے علاقے مدھو گوٹھ میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے جس میں 25 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گلستان جو ہر کے علاقے مدھو گوٹھ میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے، آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جارہا ہے، آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بندکر کے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے، کارروائی میں 25 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، آپریشن میں 200 پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :