توانائی کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آرہی ہے ۔ اگلے تین سالوں میں20ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا، رانا ثنا ء اللہ

منگل 15 اپریل 2014 06:29

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء)صوبائی وزیر رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ کہ توانائی کے شعبہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آرہی ہے ۔ اگلے تین سالوں میں20ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں فیصل آباد کو بھی اس کا حصہ ملے گا ۔اور اس کیلئے یہا ں کے تاجروں اور صنعتکاروں کو اپنی اپنی سطح پر تیار رہنا چاہیئے۔

موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کے ایشیٴن ٹائیگربننے کا خواب جلد پورا ہوگا۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ای پولیس اسٹیشن کا قیام عوامی بھلائی کیلئے تاجروں پولیس اور انتظامیہ کی یکساں سوچ کا مظہر ہے ۔ وہ فیصل آباد چیمبر میں ای پولیس اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ای پولیس اسٹیشن میں چیمبر کے ممبران کو پولیس سے متعلقہ 14مختلف قسم کی سہولتیں میسر ہونگی اور اس کیلئے انہیں دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ای پولیس اسٹیشن شہر کے چاروں کونوں میں ہونے چاہئیں تاکہ اس سہولت سے عام لوگ بھی فائدہ اٹھا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ سمن آباد سپورٹس کمپلیکس میں وہ خود ایک ای پولیس اسٹیشن بنوارہے ہیں جبکہ باقی تین پولیس اسٹیشنوں کی ذمہ داری فیصل آباد چیمبر کو لینی چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصہ میں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے نا دہندہ ہونے کے قریب پہنچنے والے ملک کی سمت درست کر دی ہے ۔

اور آنے والے 3سالوں میں یہ ملک مکمل طور پر تبدیل ہوجائے گا ایئرپورٹ کے حوالے سے انہوں نے تجویز دی کہ اس کیلئے شہر کے بالائی حصہ میں نئی ، بڑی اور بین الاقومی معیار کی ایئرپورٹ تعمیر ہو سکتی ہے۔ سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کے حوالے سے رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ اگر چیمبر کے منتخب پلیٹ فارم سے کوئی ایسی تجویز آئے تو زیادہ بہتر ہوگا اور حکومت اس پر با آسانی عمل کر سکے گی

متعلقہ عنوان :