ہاکی فیڈریشن کا ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں عمر کی حد پر یو ٹرن،پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ڈومیسٹک ہاکی ایونٹس میں30 سال کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ، حتمی منظوری 16 اپریل کو لاہور میں ہونے والے پی ایچ ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں دی جائے گی

منگل 15 اپریل 2014 06:23

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈومیسٹک ہاکی ایونٹس میں30 سال کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی حتمی منظوری 16 اپریل کو لاہور میں ہونے والے پی ایچ ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں دی جائے گی۔ پی ایچ ایف نے پانچ سال قبل نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور انہیں آ گے لانے کے منصوبے کے تحت قومی ہاکی چیمپئین شپ میں 30 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کر دی تھی جس پر قومی ٹیم کے بھی بعض کھلاڑیوں نے احتجاج کیا تھا جبکہ اداروں نے بھی اس فیصلے کی مخالفت کی تھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن کا یہ فیصلہ کارگر ثابت نہ ہوسکا اور عمر کی حد کے حوالے سے ہونے والی کڑی تنقید اور مخالفت کے بعد پی ایچ ایف نے یوٹرن لیتے ہوئے اس فیصلے کو ختم کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اس بات کا امکان ہے کہ بدھ کے اجلاس میں بورڈ کے ارکان سے مشورے کے بعد حتمی اعلان کردیا جائے گا۔ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں ملک میں 9 اے سائیڈ ہاکی ایونٹ کے آغاز کے معاملے پر بھی بات چیت کی جائیگی اور ممکنہ طور پر رواں سال ہی ملک میں پہلی بار اس مقابلے کا آغاز کردیا جائے گا۔ اجلاس میں پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین، پی ایچ ایف کے سابق سیکریٹری اختر السلام، شہناز شیخ اور شہباز سینئر کو بھی شرکت کے لئے خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔ اجلاس میں میں نئی سلیکشن کمیٹی، قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے آفیشلز کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا

متعلقہ عنوان :