حکومت کی منظوری سے خیبر پختونخوا پولیس فورس میں ایس ایس جی کی ضرار کمپنی اور امریکی میرین کی طرز پر 150 جانبازوں پر مشتمل جلد برق رفتار دستہ قائم کیا جائیگا،آئی جی کے پی کے

بدھ 16 اپریل 2014 06:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔2014ء)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے کہا ہے کہ حکومت کی منظوری سے خیبر پختونخوا پولیس فورس میں ایس ایس جی کی ضرار کمپنی اور امریکی میرین کی طرز پر 150 جانبازوں پر مشتمل بہت جلد ایک برق رفتار دستہ قائم کیا جائیگا۔جس سے پولیس ایک نئی روپ میں ڈھلے گی۔یہ بات انہوں نے آزاد کشمیر رجمنٹل سنٹر مانسر ٹریننگ کیمپ اٹک میں ایلیٹ پولیس فورس کی 10 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ آئی جی پی نے کہا کہ جانبازوں کا یہ نیا دستہ پاکستان میں اپنی مثال آپ ہوگا جو سرعت انگیز کاروائیوں اور کسی بڑی سے بڑی ہنگامی صورتحال سے نبٹنے کے لیے اپنے عزم کی انتہا پر ہو گا۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ صوبہ میں 1050 افراد پر مشتمل ریپڈ رسپانس فورس قائم کردی گئی جو کہ صوبے کے 12 مقامات پر تعینات ہوگی اور کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ملے گی۔

پولیس ٹریننگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ انوسٹی گیشن اور انٹیلی جنس ٹریننگ سکولوں کا قیام، ریجن کی سطح پر ریکروٹ ٹریننگ سنٹروں کا اجراء، ترقی سے منسلک تربیتی کورسوں میں شمولیت کے لیے عمر کی حد میں اضافہ کرکے زیادہ سے زیادہ ملازمین کو ٹریننگ اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا، پولیس میں ہر سطح کی بھرتی اور ٹریننگ سنٹروں کے تمام امتحانات کو آؤٹ سورس کرکے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی یعنی ایٹا اور این ٹی ایس کے سُپرد کرنا اور ہر پولیس ملازم کے لیے ایلیٹ ٹریننگ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی قوت نامذہ کے طور پر پولیس ذمہ داریاں بڑی کٹھن اور راستہ بڑا دشوار گزار ہے ایسے میں پولیس کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا، جدید تربیت سے آراستہ کرنے اور ہنگامی بنیادوں پر منظم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کیونکہ سلامتی کے تقاضوں کو بروئے کار لائے بغیر خوشحالی کی اُمنگ پوری نہیں کی جاسکتی پولیس کی بہادری کا ذکر کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں خیبر پختونخوا پولیس جیسی دلیر فورس کہیں نہیں دیکھی ہے جوآگے بڑھ کر خودکش بمبار کو دبوچ لیتی ہے۔

اور جس کے جوان اس جنگ میں معذور ہو کر بیساکھیوں سمیت دہشت گردوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ اورجس بیٹے کے پولیس آفیسر باپ کو دہشت گردوں نے شہید کیا وہ بیٹا دہشت گردوں کا قلع قمع کئے بغیر اپنی چیک پوسٹ سے ایک منٹ کے لیے ہٹنے کو تیار نہیں۔ ایسے جذبوں سے سرشار فورس کو کبھی بھی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس خیبر پختونخوا پولیس کا مان ہے اور اس کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

قبل ازیں پرنسپل ایلیٹ فورس مومن بیگ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیت جن میں ویپن ٹریننگ، جسمانی تربیت، باکسنگ ، مارشل آرٹس ، ہتھیاروں کا کھولنا ،جوڑنا، مختلف قسم کی آڑ سے فائرنگ کرنا، سنائپرٹریننگ، چھاپہ ، گھات ، ناکہ بندی ، وی آئی پی پروٹیکشن ، ماونٹین کرافٹ اور ریپلنگ، جوانوں میں خوداعتمادی اور انفرادی مہارت پیداکرنے کے لئے جوڈ و کی ٹریننگ ، جوانوں کو مشکل حالات ، وسائل کی کمی ، موسم کی خرابی اور غیر متوقع حالات سے نمٹنے کے لیے سروائیول ٹریننگ شامل تھیں،پرتفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ پولیس جوانوں کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتیں اُجاگر کرنے کے علاوہ جنگی چالوں ، قوت برداشت،پہل پن، اچانک پن اور دوسری جنگجووانہ خصوصیات کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ بیسک ایلیٹ کورس ،ایلیٹ فورس کاانڈ کشن Induction) (کورس کہلاتاہے۔اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہی پولیس فورس کے جانبازایلیٹ فورس میں شمولیت کے اہل قرار پاتے ہیں۔ اس موقع پر جوانوں نے تربیت کے دوران حاصل کردہ مختلف تربیتی فائرنگ اور جوڈو کراٹے کے کرتبوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ آل راونڈ بہترین کاکردگی پر کانسٹیبلان جنید بابرآف سوات، محمد مصطفی آف کرک، محمد ابرار آف سوات، محمد عبداللہ DIK ، عامر یوسف ایبٹ آباد، لطف الٰہی پشاور کو خصوصی انعام کا حق دار ٹھہرایا گیا۔

چار مہینے کی دسویں بیسک ایلیٹ فورس میں 571 جوان پاس آوٹ قرار دئیے گئے۔ آئی جی پی نے پاس ہونے والے جوانوں کو بیسک ایلیٹ فورس کے خصوصی بیجز لگائے۔ مہمان خصوصی نے اس موقع پر ایلیٹ فورس کی فلاح و بہبود کے لیے دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹی گیشن شوکت حیات، ایڈیشنل آئی جی پی سپیشل برانچ مسعود احمد آفریدی ،ڈی آئی جی ٹریننگ آزاد خان ، ڈی آئی جی مردان محمد سعید وزیراور پی ایس اُو ٹو آئی جی پی صہیب اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :