ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا وقت آگیا‘ شہباز شریف،جس حلقے میں 100 فیصد تعلیمی داخلہ ہوگا وہاں کے ایم پی اے کو وزیر تعلیم بناؤں گا،وزیراعلی پنجاب کا سکول داخلہ مہم کی تقریب سے خطاب

جمعرات 17 اپریل 2014 06:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17اپریل۔2014ء) وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا وقت آگیا ہے‘ جس علاقے میں 100 فیصد داخلہ ہوگا اس حلقے کے ایم پی اے کو وزیر تعلیم بناؤں گا‘ 31 مئی 2016ء تک پنجاب میں 100 فیصد داخلے کا ہدف بنایا ہے‘ بجٹ کے بعد کابینہ میں تبدیلی ہوگی‘ سفارشی کلچر‘ بوٹی اور نقل مافیا کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

لاہور میں سکول داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معاملے میں ہم ہمسایہ ممالک سے بہت پیچھے ہیں۔ ملک کو تواناء اور کامیاب بنانے کیلئے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کا وقت آگیا ہے۔ 68 سال کا جو وقت ضائع کیا اس کا فوری تدارک ضروری ہے۔ پاکستانی قوم میں اتنا جذبہ‘ حوصلہ اور توانائی ہے کہ وہ ملک کو درپیش مسائل پر قابو پائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیا غریب کے بچوں کا تعلیم پر کوئی حق نہیں؟ کیا ہم وقت ضائع کرنے کا وطیرہ ہی بنائے رکھیں گے۔ ہمیں ماضی کو بھول کر مستقبل کی طرف جانا چاہئے۔ اساتذہ کو شہری علاقوں کیساتھ ساتھ دور دراز دیہی علاقوں میں بھی جاکر اپنے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ایجوکیشن نے وعدہ کیا ہے کہ 31 مئی 2016ء تک کوئی بھی بچہ سکول میں داخلے سے محروم نہیں رہے گا۔

تعلیمی اہداف حاصل کرنے کیلئے لنگوٹ کسنا ہوگا‘ گھروں یا دفتروں میں بیٹھنے سے تعلیمی اہداف حاصل نہیں ہوں گے اس کیلئے محنت اور قربانی کی ضرورت ہے ورنہ میں بھی ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ سکتا ہوں مجھے کیا ضرورت ہے کہ دور دراز علاقوں کمیں جاؤں۔ کبھی ساہیوال جارہا ہوں تو کبھی سرگودھا‘ اسلئے اگر ہمیں بڑھنا ہے ہے تو ہمیں متحد ہوکر ملکی تعمیرو ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 1949ء میں چینی ایک سوئی ہوئی قوم تھے لیکن انہوں نے تعلیم کے میدان سمیت ہر شعبے میں دن رات محنت کی اور آج چین دنیا کی بہت بڑی طاقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں صرف محنت کی ضرورت ہے۔ اگر ہم آج بھی تعلیم کے میدان میں آگے نہ بڑھے تو یہ ہماری بدقسمتی ہوگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے سفارش کلچر‘ بوٹی مافیا اور نقل کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے تقریب میں موجود اراکین اسمبلی سے وعدہ کیا کہ جس حلقے میں سکولوں میں داخلہ 100 فیصد ہوگا اس حلقے کے ایم پی اے کو وزیر تعلیم بناؤں گا۔

متعلقہ عنوان :